پاکستان کا آئین یہ حق دیتا ہے سندھ کے لوگوں کو قدرتی گیس فراہم کریں، مراد علی شاہ

نام نہاد سیاستدان ، پارلیمنٹرین اور وزاء یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ دیگر صوبوں کو گیس کی فراہمی بند نہیں کر سکتے، انہیں آئین کا مطالعہ کرنا چاہیے ، وزیراعلیٰ سندھ ایس ایس جی سی کو مشورہ دیا وہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں ، اس ملک کے لوگ یہ تمام باتیں اچھی طرح سے جانتے ہیں، نواز شریف وزیراعظم ہیں سارے ملک کا دورہ کرسکتے ہیں ، اپنے والد اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کی دسویں برسی کے موقعے پرمیڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 اپریل 2017 23:37

پاکستان کا آئین یہ حق دیتا ہے سندھ کے لوگوں کو قدرتی گیس فراہم کریں، ..
سہیون شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین انہیں یہ حق دیتا ہے کہ صوبہ سندھ کے لوگوں کو قدرتی گیس فراہم کریں اور اس کے بعد اگر اضافی گیس ہو تودیگر صوبوں کو ان کے حصے کے مطابق دی جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اپنے آبائی گاوں واہڑا شریف میں اپنے والد اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کی دسویں برسی کے موقعے پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیاستدان ، پارلیمنٹرین اور وزاء یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ دیگر صوبوں کو گیس کی فراہمی بند نہیں کر سکتے۔ میں انہیں مشورہ دوں گاکہ وہ آئین کا مطالعہ کر لیں جس میں انہیں یہ اختیار دیا گیا ہے کہ پہلے سندھ کے لوگوں کی گیس کی ضروریات پوری ہوں گی پھر دیگر صوبوں کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ ملک میں بجلی کی قلت کو کم کرنے کے لیئے کوشاں ہیں، سندھ حکومت نے 100میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا ہے اور نوری آباد سے کراچی تک ٹرانسمیشن لائن بھی بچھا دی گئی ہے مگرسوئی سدرن گیس کمپنی چند وزرا ء جو کہ نہیں چاہتے کہ ملک سے اندھیروں کا خاتما ہو کے کہنے میں آکر گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، مگر اب بہت ہوچکا اب ہم سندھ حکومت کے ساتھ اس طرح کی حرکتیں مزید نہیں ہونے دیں گے۔

ایس ایس جی سی کی بینک گارنٹی کی فراہمی کے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ گارنٹیاں اس وقت جمع کی جاتی ہیں جب معاہدے پر دستخط ہوتے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس جی سی کو مشورہ دیا کہ وہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں کیوں کہ اس ملک کے لوگ یہ تمام باتیں اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہیں لہذاہ وہ جیکب آباد سمیت صوبے کے کسی بھی علاقے کا دورہ کر سکتے ہیں میں انہیں سیوہن کے دورے کی بھی دعوت دے رہا ہوں کہ وہ یہاں کے لوگوں کے مسائل بھی حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان کی (وزیراعظم ) کی ٹیم انہیں ناکام کرنے کے در پے ہے کیوں کہ وہ لوگ ملک میں توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینٹ جنہوں نے وفاقی وزراء کے رویہ کے خلاف اپنا سکورٹی اسکواڈ واپس کر دیا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کیا کہ پی ایم ایل (ن) نے کبھی بھی پارلیمینٹ کو اہمیت نہیں دی ہے کیوں کہ وہ ڈکٹیٹرشپ میں یقین رکھتے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے اپنی بات چیت کے اختتام پر کہا کہ ن لیگ کے چند وزراء، اراکین اور موسمی سیاستدان جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں وہ کوئی مسئلے والی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ان کے حقوق کا تحفظ کروں گا اور ان کے حقوق کے لئے لڑونگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا مینڈیٹ اور آئینی ذمہ داری ہے۔ #