پی پی پی کی کمزوری کی باتیں کرنے والے عام انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونگے ، انجینئر محمد ہمایوں خاں

جمعہ 14 اپریل 2017 23:30

ملاکنڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اپریل2017ء) پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر خزانہ انجینئر محمد ہمایون خان نے کہا ہے کہ پی پی پی کی کمزوری کی باتیں کرنے والے عام انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونگے اور انشاء اللہ صوبوں سمیت مرکز میں پی پی پی کی حکومت بھاری مینڈیٹ سے بنے گی۔۔ تمام صورتحال کے باوجود شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرکے کارکنوں کی دل جوئی کی ہے اور انشاء اللہ پی پی پی ملاکنڈ کے کارکن بھی مخالفین کے حوصلے ہمیشہ کے لئے پست و ختم کرنے کے لئے شریک چیئرمین کا دورہ ملاکنڈ اور جلسہ کامیاب بنائینگے۔

پی پی پی کے قائدین نے عوام کے دلوں میں مقام بنا لیا ہے حالانکہ ہمیشہ سازشوں کے ذریعے پی پی پی کے قائدین کو عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سخاکوٹ بدرگہ میں صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ کے رہائش گاہ پرایک بڑے جلسہ جو کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے دورہ ملاکنڈ کے حوالہ سے منعقدہ کیا گیا تھا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نجینئر محمد ہمایون خان نے کہا کہ کارکن سابق صدر پاکستان کا دورہ ملاکنڈ اور جلسہ کامیاب کرکے اپنے محبوب قائد سے محبت کا اظہارکریں گے اور ثابت کرینگے کہ ملاکنڈ اب بھی پی پی پی کا مضبوط گڑھ اور منی لاڑکانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی ملاکنڈ کے کارکن شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے دورہ ملاکنڈ اور جلسہ میں بھر پور شرکت کرکے ملاکنڈ کے تاریخ میں نیا باب رقم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے سیاست عارضی جبکہ پی پی پی کی سیاست رہتے دٴْنیا تک ہے۔ ملک بھر کے عوام عام انتخابات میں پی پی پی کوووٹ دیکر گذشتہ انتخابات کا ازالہ کرینگے۔