غریب عوام کو چھت کا سایہ فراہم کرنے کے خواب کو وزیراعظم کی قیادت میں شرمندہٴ تعبیر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اکرم خان درانی

جمعہ 14 اپریل 2017 18:27

غریب عوام کو چھت کا سایہ فراہم کرنے کے خواب کو وزیراعظم کی قیادت میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2017ء) وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ غریب عوام کو چھت کا سایہ فراہم کرنے کے خواب کو وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں شرمندہٴ تعبیر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم کی حال ہی میں تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ہائوسنگ و تعمیرات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی عوام کو درپیش مسائل میں سے اہم ترین مسئلہ رہائش کی فراہمی کا ہے ۔غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کے لیے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سستے گھر تعمیر کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اصلاحات و منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر برائے سیفران عبدالقادر بلوچ اور سیکرٹری خزانہ نے بطور ممبران شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت ہائوسنگ کے دیگر نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے بطور چیئرمین ،کمیٹی کو سستی رہائش کے بارے میں وزارت کے منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔انہوں نے وزارت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ موجودہ دور حکومت میں وزارت ہذا کی کارکردگی گذشتہ تین دہائیوں کی مجموعی کارکردگی سے نہ صرف بہتر ہے بلکہ بے مثال ہے ۔

ہائوسنگ فائونڈیشن نے دو سال کی قلیل مدت میں 43000 ہزار سرکاری ملازمین کو رعائتی نرخوں پر پلاٹس کے آفر لیٹر جاری کیے ہیں ۔اسی طرح پی ایچ اے فائونڈیشن 6500 فلیٹس کی تعمیر کر رہا ہے جبکہ 3000 سے زائد فلیٹس کی تعمیر پلاننگ کے مختلف مراحل میں ہے ۔وزیر ہائوسنگ نے وزارت کے ذیلی محکموں کی تکنیکی قابلیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کمیٹی کو یقین دہانی کروائی کہ موجودہ دور حکومت میں وزارت کے زیر نگرانی تمام رہائشی منصوبوں میں جدید طرز تعمیر کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کیلئے موزوں زمین کے انتخاب، زمین کے حصول کے طریقہ کار اور دیگر تکنیکی معاملات پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جا ئیگا۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے میں بلایا جائے گا۔