ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے،کمشنر میرپور خاص ڈویژن

جمعہ 14 اپریل 2017 15:46

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2017ء)ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ ہیٹ اسٹروک (گرمی کی شدت) سے بچاؤ کیلئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے یہ ہدایت انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں ڈویژنل سطح پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق انتظامات کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو دی انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق انتظامات کرکے کانٹنجنسی رپورٹ دی جائے اور ضلع سطح پر ہسپتالوں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو فعال کریں اور شہر کے اہم چوراہوں پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی جائیں کمشنر نے ہدایت کی کہ ہیٹ اسٹروک کی یومیہ رپورٹ پی ڈ ی ایم اے کو دی جائے انہوں نے کہا کہ ضلع میں کمیونٹی رضاکارگروپ اور سول ڈفینس کے رضاکارتیار کئے جائیں برف کارخانوں میں برف کی پیداوار بڑھانے اور قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے نگرانی کی جائے تمام محکموں کی جانب سے ہی-ٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق انتظامات کئے جائیں کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سول ہسپتالوں ،تحصیل ہسپتالوں اورصحت مراکز میں بھی ہیٹ اسٹروک کے متعلق انتظامات کرنے کیلئے انچارجوں کو پابند کیا جائے اور کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں فوکل پرسن مقرر کرکے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈ قائم کرہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی ادویات کی دستیابی ممکن بنائی جائے انہوں نے پی پی ایچ آئی کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کے بنیادی صحت مراکز میں ایمرجنسی نافذ کرکے انچارج ڈاکٹروں کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق انتظامات کرنے اور صحت مراکز کا دورانیہ بڑھایا جائے ایمبولینس کو تیار حالت میں ر کھا جائے اورکہا کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کے بینرآویزاں کئے جائیں انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ ہیٹ اسٹروک کے دوران ہسپتالوں ،صحت مراکز اور ایمرجنسی سینٹروں میں بجلی کو لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہیٹ اسٹروک کے متاثرہ مریضوں کو فوری طور پر قریبی سینٹرپر لانے کیلئے بھی اقدامات کریں خاص طور پر تھر کے دوردراز علاقوں سے وائر لیس کے زریعے آگاہی فراہم کرنے میں مدد کریں اور مسافر گاڑیوں میں مسافروں کو گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے سے روکیں انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ و طالبات کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کے آگاہی پروگرام اور ٹھنڈے پانی کا بندوبست کریں کمشنر نے محکمہ اطلاعات کے افسران کو ہدایت کی کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے زریعے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ اور انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ ایمرجنسی سینٹروں اور کئے گئے انتظامات کی تشہیر کی جائے تاکہ عوام کو آگاہی فراہم ہوسکے۔