سپریم کورٹ نے اغواء برائے تاوان کے کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے 3 ملزمان کو ناکافی شواہد پر بری کردیا

جمعرات 13 اپریل 2017 23:39

سپریم کورٹ نے اغواء برائے تاوان کے کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے اغواء برائے تاوان کے کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے 3 ملزمان کو 7 سال بعد ناکافی شواہد کی بنا پر بری کرتے ہوئے کیس نمٹادیا۔ جمعرات کوجسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ ملزمان محبوب خان ،یعقوب اور محمد آصف پر الزام تھا کہ انہوں نے راولپنڈی کے علاقے چکلالہ سے مریم ثاقب نامی خاتون کو اغواء کیا تھا، ملزمان کے خلاف 2009 ء میں تھانہ ائیر پورٹ راولپنڈی میں مقدمے کا اندراج کیا گیا جس کے بعدانسداد دہشتگردی کی عدالت نے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا دی جولاہور ہائی کورٹ نے برقرار رکھی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وکلاء کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قراردیاکہ پولیس حکام کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے، حتی کہ تحقیقات اورتفتیش کے دوران ملزمان کی کالز کا ڈیٹا بھی اکٹھا نہیں کیا گیا، مغویہ کے بیان کے مطابق اغواء کے وقت اس نے کوئی مزاحمت بھی نہیں کی۔ اس طرح استغاثہ کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بعدازاں عدالت نے ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔

متعلقہ عنوان :