عزیربلوچ کے مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان میں مزید انکشافات سامنے آگئے

آصف زرداری کو مقدمات اور ہیڈ منی ختم کرنے کا کہا،شاہ جہاں بلوچ، جاوید ناگوری، عبداللہ بلوچ، ثانیہ ناز کو ٹکٹ دلوایا کراچی آپریشن کے دوران فریال تالپور نے یوسف بلوچ، قادر پٹیل کو اپنے گھر بلوایا ،اعترافی بیان

جمعرات 13 اپریل 2017 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2017ء) لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کے مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان میں کیے گئے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں،عزیر بلوچ نے اپنے نئے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری کو مقدمات اور ہیڈ منی ختم کرنے کا کہا،شاہ جہاں بلوچ، جاوید ناگوری، عبداللہ بلوچ، ثانیہ ناز کو ٹکٹ دلوایا، کراچی آپریشن کے دوران فریال تالپور نے یوسف بلوچ، قادر پٹیل کو اپنے گھر بلوایا۔

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ نے مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان میں انکشافات کیے ہیں کہ آصف زرداری کے کہنے پر اپنے گروہ کے 15 سے 20 لڑکے بلاول ہائوس بھیجے، بلاول ہائوس کے پاس30سے 40 بنگلے اور فلیٹ زبردستی خالی کرائے، ان گھروں کو خریدنے کے لیے آصف زرداری نے مالکان کو بہت کم رقم دی، اویس مظفر ٹپی اور آصف زرداری کے لیے 14شوگر ملوں پر قبضے میں مدد دی، فریال تالپور اور آصف زرداری کے کہنے پر مقدمات اور سرکی قیمت ختم کی گئی۔

(جاری ہے)

عزیر بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ سینیٹر یوسف بلوچ کے کہنے پر قائم علی شاہ اورفریال تالپور سے ملا تھا، ملاقات میں اس نے اپنے خلاف مقدمات اورسرکی قیمت ختم کرنے پربات کی، فریال تالپور اور آصف زرداری کے کہنے پر مقدمات اور سرکی قیمت ختم کی گئی۔عزیر بلوچ نیک ہا کہ 2013ء کے انتخابات سے پہلے فریال تالپور سے رابطہ کیا، اسی کے کہنے پر شاہ جہاں بلوچ، جاوید ناگوری، عبد اللہ بلوچ اور ثانیہ ناز کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا، یوسف بلوچ اور قادر پٹیل کے ذریعے ڈیفنس میں فریال تالپور کے گھر بلوایا گیا تھا، ملاقات میں شرجیل میمن اور نثار مورائی بھی موجود تھے، فریال تالپور نے مجھے ذاتی اسلحہ اور گولہ بارود چھپانے کا کہا۔

عزیربلوچ کا مزید کہنا ہے کہ فریال تالپور نے اضافی معاملات شرجیل اور نثار مورائی کے سپرد کرنے کا کہا، فریال تالپور کی جانب سے مجھے ملک سے باہر جانے کے لیے بھی کہا گیا، پیپلز پارٹی کے لیے بہت سے غیر قانونی کام کئے، قادر پٹیل کے کہنے پر کئی افراد کو قتل کیا۔#