قوم ریمنڈ ڈیوس کی طرح حکمرانوں کو کلبھوشن کو ملک سے فرار کرانے کا موقع نہیں دے گی‘ سینیٹر سراج الحق

کلبھوشن کی سازشوں اور نیٹ ورک کو سامنے لایا جائے ،دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارتی ہاتھ کو بے نقاب کیا جائے اگر کلبھوشن بچ نکلا تو آئے روز بھارت سے نئے کلبھوشن پاکستانی شہروں میں خون کی ہولی کھیلنے کیلئے داخل ہوا کرینگے ‘ امیر جماعت اسلامی

جمعرات 13 اپریل 2017 19:02

قوم ریمنڈ ڈیوس کی طرح حکمرانوں کو کلبھوشن کو ملک سے فرار کرانے کا موقع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ آج کی مسلم لیگی قیادت کو تحریک پاکستان کے متعلق آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ،مسلم لیگی قیادت کے بیانا ت پڑھ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہیںقیام پاکستان کے حالات کا سرے سے علم ہی نہیں ، وہ دانستہ یا نادانستہ اس وقت کی گانگریس کے نظریاتی بھائی بن گئے ہیںاور مودی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو لادین ریاست قرار دے رہے ہیں ،خواجہ آصف جیسے ذمہ دار وزیر کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں کہ پاکستان کسی خاص مذہب یا مسلک کا ملک نہیں، وزیر موصوف کے بیان نے کروڑوں عوام کے دل زخمی کئے،بیانات تحریک آزادی کے لاکھوں شہداء کے خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں،پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اس کی خاطر قربانیاں دینے والوں کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ اور خود قائد اعظم ؒ نے 114بار پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور قرآن و سنت کوملک کا دستور قرار دیا تھا،حکمران بتائیں کہ اگر اسلام پاکستان کی بنیاد نہیں تو پھر لوگوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کیوں کی اور لاکھوں جانوں کانذرانہ کیوں دیا،پاکستان کی بنیاد لسانیت ،علاقائیت ،جمہوریت یا معیشت نہیں تھی بلکہ اسلام تھا اور یہی اس ملک کی پہچان ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری واپڈا پیغام یونین کے مختلف سطح کے عہدیداروں کی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدرپیغام یونین ایس ڈی ثاقب اور سیکرٹری جنرل احسان چوہدری بھی موجودتھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ آج بھی بھارت کی دوستی پر ملک کی سا لمیت کو قربان کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے بھارتی جاسوس کو دودھ پلانے اور شہد کھلانے کی باتیں کرکے سینکڑوں شہریوں کو خون میں نہلانے والوںسے دوستی کا رشتہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم ریمنڈ ڈیوس کی طرح حکمرانوں کو کلبھوشن کو ملک سے فرار کرانے کا موقع نہیں دے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کلبھوشن کی سازشوں اور نیٹ ورک کو سامنے لایا جائے اور کراچی ،کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارتی ہاتھ کو بے نقاب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کلبھوشن کو سزا ہوگئی تو کوئی نیا کلبھوشن پیدا نہیں ہوگا اور ملک دہشت گردی سے پاک ہوجائے گا اور اگر وہ بچ نکلا تو آئے روز بھارت سے نئے کلبھوشن پاکستانی شہروں میں خون کی ہولی کھیلنے کے لیے داخل ہوا کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ لیفٹینٹ کرنل حبیب کو اغواء کیا گیا ہے تو اس کی رہائی ہمارے لئے عزت اور غیرت کا مسئلہ ہے ،اس کا اگر کلبھوشن کی گرفتاری میں کوئی کردار تھا تو اتنے اہم آفیسر کی حفاظت کیوں نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی مزدور پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض یکم مئی کو یوم مزدوراں منا لینے سے مزدوروں کے مسائل حل نہیں ہوتے ،مزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور تعلیم صحت چھت اور روز گار کی سیکیورٹی ملنی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین بھی صرف رجسٹرڈ مزدوروں کی تعداد کو سامنے رکھ کر بنائے جاتے ہیں حالانکہ کھیتوں میں ،اینٹوں کے بھٹوں پر ،ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے کروڑوں مزدورغیر رجسٹرڈ ہیں ۔زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم یہ مزدور حکومتی توجہ کے مستحق ہیںلیکن حکومت نے کبھی اس پسے ہوئے طبقہ کو محرومیوں اور مایوسیوں سے نکالنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔

سینٹر سراج الحق نے کہا کہ مزدور ہی اس ملک کی اصل طاقت اور سرمایہ ہیں جو اپنا خون پسینہ ایک کرکے قومی خزانہ بھرتے ہیں مگرکرپٹ اور بدیانت حکمران مزدوری چور ی کرلیتے ہیںجبکہ غریب کو بھوک پیاس جہالت اور بیماری کے سوا کچھ نہیں ملتا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مزدوروں کو کارخانوں اور کسانوں کو زمینوں کی پیداوار میں شریک کرے گی۔