حکومت ایم ڈی اے میں لگایا گیاجگا ٹیکس فی الفور واپس لے‘ ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا‘حکومت میرپور کے ساتھ سوتیلا پن نہ کرے ‘ سب سے زیادہ ریونیو دینے والے ضلع میں ٹیکس قبول نہیں

پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف کی بات چیت

جمعرات 13 اپریل 2017 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت ایم ڈی اے میں لگایا گیاجگا ٹیکس فی الفور واپس لے۔ ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔حکومت میرپور کے ساتھ سوتیلا پن نہ کرے ۔ سب سے زیادہ ریونیو دینے والے ضلع میں ٹیکس قبول نہیں۔

یہاں سہولتیں دینے کے بجائے عوام کو مشکلات کا شکار کیاجارہا ہے۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میرپور کے عوام نے اپنے آباؤ اجداد کی قبریں پانی کی نظر کیں لیکن میرپور کے عوام کو سہولتیں دینے کی بجائے حکومت ان کو دی گئی سہولتیں بھی ختم کرناچاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات میرپور میں جن لوگوں نے تیس سال قبل پلاٹ لئے تھے ان پر ٹیکس لگانا ظالمانہ اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کے بعد آزادکشمیر بھرمیں تنظیم سازی کا کام شروع کیاجارہا ہے ۔ وارڈ کی سطح سے لے کر تنظیم سازی کی جائے گی ۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے گا ۔ اس کے لئے ہم سب گاؤں گاؤں اور گھر گھر جا کر پارٹی کی تنظیم نو کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن جب بھی ہوئے پیپلزپارٹی ان انتخابات میں کلین سویپ کرے گی ۔

آزادکشمیر کے حالیہ انتخابات میں سانٹیفک دھاندلی کی گئی ۔بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے کارکن ان انتخابات کا بدلہ لیں گے ۔ اور پورے آزادکشمیر میں بلدیاتی نمدئندے پیپلزپارٹی کے ہی منتخب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد آزادکشمیرمیں بھی اس کے بڑے اثرات پڑیں گے ۔ اور آزادکشمیر کی سیاست کارخ تبدیل ہوجائے گا۔

ہماری کوشش ہے کہ ہم جلد از جلد پیپلزپارٹی کی تنظیم نو مکمل کر کے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی نے کئی نئے ادارے بنائے لیکن موجودہی حکمرانوں نے برسراقتدار آکر ان اداروں کو تباہ کردیا ۔ ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کیاگیا۔ ملازمین سڑکوں پر احتجاج پر ہیں ، ہم نے اسی لئے ادارے قائم کئے تھے کہ وہاں عوام کو سہولتیں ملیں اور بے روزگار ی بھی کم ہوسکے ۔

لیکن موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث بے روزگاری عروج پر ہے ۔ ہم نے دیہاتوں میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں تاکہ وہ شہروںکارخ کم کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر عوام کو سہولتیں دینے کیلئے بہتر انداز سے کام کرے ۔ دو تہائی اکثریت کی حامل حکومت بھی اگر عوام کو سہولتیں دینے میں ناکام ہے تو پھر ان کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔