سندھ کو گیس نہ ملی تو سب کی گیس کی بند کردیں گے-وزیراعلی سندھ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 13 اپریل 2017 13:36

سندھ کو گیس نہ ملی تو سب کی گیس کی بند کردیں گے-وزیراعلی سندھ
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13اپریل۔2017ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو گیس نہ ملی تو سب کی گیس کی بند کردیں گے، سوئی سدرن کے دفاتر کراچی ہی میں ہیں ، انتظام خود سنبھال لیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی میں خطاب کے دوران وفاق اور سوئی سدرن کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ 70ستر فیصد گیس پیدا کرتا ہے، لیکن شہر میں گیس کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

گزشتہ چار ماہ سے سوئی سدرن ہمیں گیس فراہم نہیں کررہی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو متنبہ کررہا ہوں کے اس ہفتے کے آخر تک گیس کی صورتحال بہتر نہ کی تو گیس لائن بند کردیں گے۔مراد علی شاہ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ گیس نہ ملی توسوئی سدرن گیس کے دفترپردھاوابول دیں گے۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ سوئی سدرن گیس کمپنی پر خوب برسے اور کہا کہ ہم 100 میگا واٹ کے بجلی کے ایک منصوبے کو چلانے کے لیے گیس مانگ رہے ہیں لیکن گذشتہ 4 ماہ سے کمپنی ہمیں گیس نہیں دے رہی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نوری آباد میں ایک پاور پلانٹ لگا رہے ہیں ابتدا میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (حیسکو) کے ساتھ معاہدہ ہوا اور انھوں نے بجلی خریدنی تھی لیکن بعدازاں حیسکو نے یہ کہہ کر جواب دے دیا کہ ہمارے پاس اضافی پاور موجود ہے، لہذا ہمیں بجلی کی ضرورت نہیں ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جس کے بعد مجبور ہوکر ہم نے کے-الیکٹرک سے معاہدہ کیا اور اس کے لیے لائن بھی بچھائی گئی لیکن پچھلے 4 مہینے سے سوئی سدرن گیس کمپنی اس معاہدے پر دستخط کرنے میں پش وپیش سے کام لے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری کل چیئرمین سوئی سدرن گیس کمپنی سے ملاقات ہوئی تھی اور میں نے ان سے کہا تھا کہ میں صبح 11 بجے تک انتظار کروں گا، میرے آنے سے پہلے انھوں نے محض خانہ پری کرتے ہوئے وہی شرائط دوبارہ بھیج دیں، جو ہمیں منظور نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہامیں سوئی سدرن گیس کمپنی اور وفاق کو خبردار کر رہا ہوں کہ اگر اس ہفتے کے دوران گیس فراہم نہ کی گئی تو ہم گیس لائن بند کردیں گے ساتھ ہی مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی میں ان کے دفاتر اپنی تحویل میں لیں گے اور خود انھیں چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت اس صوبے کو زیادہ گیس ملنی چاہیے، جہاں وہ پیدا ہوتی ہے۔ایم کیو ایم اراکین نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے کی حمایت کی۔

متعلقہ عنوان :