نیب ایگزیکٹوبورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دیدی،مختلف کرپشن شکایات پرچارانکوائریاں شروع کرنے کافیصلہ

ایک کرپشن ریفرنس اختیارات کے غلط استعمال ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پرسابق چیئرمین بی پی ایس سی اشرف مگسی ،دوسراریفرنس یونیورسٹی آف پشاور کے سابق وائس چانسلر عظمت حیات خا ن اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائیگا تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرایاجائیگا تمام نیب افسران شکایات کی تصدیق، انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں، قمرزمان چوہدری

بدھ 12 اپریل 2017 23:52

نیب ایگزیکٹوبورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اپریل2017ء) قومی احتساب بیورو(نیب)کے ایگزیکٹوبورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دیدی، جبکہ مختلف کرپشن شکایات پرچارانکوائریاں شروع کرنے کافیصلہ کیاہے،تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرایاجائیگا،چیئرمین نیب قمرزمان چودھری نے نیب کے تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شکایات کی تصدیق، انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

بدھ کو نیب ایگزیکٹوبورڈ کااجلاس چیئرمین قمرزمان چودھری کی زیرصدارت ہوا نیب بورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دی پہلا ریفرنس یونیورسٹی آف پشاور کے سابق وائس چانسلر عظمت حیات خا ن اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائیگا اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے مہنگے نرخوں اراضی کی خریداری کاالزام ہے جس کے ذریعے قومی خزانے کو 62.38 ملین روپے کانقصان پہنچایا گیا دوسرا کرپشن ریفرنس بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمداشرف مگسی اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائے گا اس کیس میں ملزمان نے اختیارات کاغلط استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے اپنے رشتے داروں کو مختلف عہدوںپربھرتی کیا۔

(جاری ہے)

نیب بورڈ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسروں کی طرف سے پی سی ون اور پی سی ٹو کی منظوری کے بغیر دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کی مشینری خریدنے پرتحقیقات کی منظوری دی ہے۔نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر چارمختلف انکوائریوں کی منظوری دی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق ملازم عبدالعزیز اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزما ن نے دھوکہ دہی سے یونیورسٹی ٹائون ہائوسنگ سکیم میں پلاٹوں کے نام پر عوام سے پیسے اکٹھے کئے۔

علی خان، آصف علی گوہر اورعادل خان جوکھیو کیخلاف سٹیٹ بنک آف پاکستان کی شکایت پرانکوائری ہوگی بہائوالدین زکریایونیورسٹی کے ڈاکٹراسحاق فانی اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان پرمبینہ طورپر غیرقانونی بھرتیوں ،فنڈز میں خرد برد کے ذریعے قومی خزانے کو193ملین روپے سے زائد نقصان پہنچانے کاالزام ہے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان نے کرپشن اوراختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو 120ملین روپے سے زائد کانقصان پہنچایا۔

نیب بورڈ نے گلگت بلتستان کے محکمہ ایکسائزاینڈٹیکنیشن کے افسروں کیخلاف دوبارہ تحقیقات کی منظوری دی ہے اس کیس میں ملزمان پر غیرمعیاری اسلحہ وایمونیشن محکمہ ایکسائز کو سپلائی کرنے کاانکشاف ہے ۔نیب بورڈ نے اسلام آباد نیو سٹی ہائوسنگ سکیم کے قاضی ظہیراحمد کی پلی بارگین کی درخواست مسترد کردی ہے اس کیس میں ملزم نے پلاٹوں کے نام پر 297ملین روپے سے زائد کی رقم عوام سے اکٹھی کی اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپورشن سے 209ملین روپے سے زائد وصول کئے۔

نیب بورڈ نے تانبے کی تلاش کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرانے کافیصلہ کیا ہے تاکہ کیس میں حقائق کاتعین کیاجاسکے۔نیب بورڈ نے شواہد کی عدم دستیابی پر تین انکوائریاں اورایک تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی ہے زرعی ترقیاتی بنک کے سابق صدر منصورخان ،پنجاب ہائی ویزکے افسروں ،سابق ایگزیکٹوانجیئراپرجہلم گجرات کیخلاف انکوائری بند کی جائے گی جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسروں کیخلاف جاری کرپشن تحقیقات بھی بند کردی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قمرزمان چودھری نے کہاکہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہوں نے نیب کے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ موصول ہونیوالی شکایات کی تصدیق کی انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :