بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو ٹارچر سیل میں تبدیل کردیا‘ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ میشن بھجیں ، تاکہ وہاں پر ہونے والے مظالم کی اصل تصاویر سامنے آسکے

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف کی مختلف وفود سے بات چیت

بدھ 12 اپریل 2017 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو ٹارچر سیل میں تبدیل کردیا۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ میشن بھجیں ، تاکہ وہاں پر ہونے والے مظالم کی اصل تصاویر سامنے آسکے ۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران 40سے زائد کشمیری شہید، سینکڑوں زخمی ومتعدد کو گرفتار کرلیاگیا ۔ شٹر ڈاؤں اور پہیہ جام سے نظام زندگی معطل ہے وادی بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ہم اقوام متحدہ اور امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں حکومت نے تعمیروترقی کے نئے منصوبے شروع کرنے کی بجائے اداروں کو بند کر کے ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کررہی ہے گڈگورننس اور بہترین مالیاتی نظام قائم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے مالیاتی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ سٹیٹ بنک نے حکومت کے جاری کئے گئے تمام چیکس واپس کردئیے ہیں اور ایک بار پھر مالیاتی ایمرجنسی نافذہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کے دور کے دیئے گئے منصوبوں کے فنڈز کو روک دیاگیا ہے ، ان منصوبوں میں سڑکوں ، ہسپتالوں اور تعلیمی ادارہ جات شامل تھے ۔ حکومت کو معلوم ہوناچاہئے کہ کوئی منصوبہ کسی ایک پارٹی کیلئے نہیں ہوتا بلکہ اس پورے علاقے کے عوام اس منصوبے سے مستفید ہوتے ہیں ، ان کاتعلق خواہ کسی بھی جماعت سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہبود آبادی کے ملازمین کو 6ماہ سے تنخواہیں نہ دینا ظلم ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ سے یہ ملازمین سڑکوں پر تنخواہوں کیلئے مظاہرہ کررہے ہیں ۔ حکومت فی الفور بہبود آبادی کے ملازمین کو ان کے واجبات ادا کرے۔