پاکستان کی سعودی فوجی اتحاد شمولیت- پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 اپریل 2017 13:26

پاکستان کی سعودی فوجی اتحاد شمولیت- پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12اپریل۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے معاملے پر فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔اس حوالے سے باضابطہ قرارداد پی ٹی آئی رہنماوں شیریں مزاری، اسد عمر اور ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی میں جمع کروائی۔

تحریک انصاف کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق ان کی جماعت کو سعودی عرب کی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے فوجی اتحاد میں شمولیت کے حکومتی فیصلے پر گہری تشویش ہے۔قرارداد کے مطابق ماضی میں بھی یہ دیکھا گیا کہ یہ پاکستان کے قومی مفاد میں نہیں ہے کہ دوسروں کی لڑائی کا حصہ بنا جائے، کیونکہ پاکستان کے عوام اب بھی غیروں کی جنگ کا حصہ بننے کے نتائج بھگت رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماوں نے اپریل 2015 میں پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ مشترکہ قرارداد کا بھی حوالہ دیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ پاکستان کو یمن جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ قرارداد کے مطابق سعودیہ عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات ہیں لیکن پی ٹی آئی کو اس حوالے سے تشویش ہے کہ حکومت نے سعودی قیادت میں فوجی اتحاد کی حدود و قیود جانے بغیر اس اتحاد میں شمولیت پر رضامندی کا اظہار کردیا۔

مزید کہا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 40 اس بات پر زور دیتا ہے کہ ریاست پاکستان کو عالمی تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ اس اتحاد میں شمولیت کے اسباب و اثرات سے بالکل لاعلم اور ناواقف ہے، لہذا اس فیصلے سے متعلق قومی اتفاقِ رائے کے لیے فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :