اسفندیارولی خان کا پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کئے جانے پر قومی اسمبلی میں بھوک ہڑتال کا اعلان

ہمارا احتجاج پی ٹی آئی کی طرح ڈانس اور ڈی جے پر نہیں ہو گا، بلوچستان میں حکومتی اداروں پر گولیاں چلانے والوں کے کارڈ بلاک نہیں ہیں، سربراہ اے این پی کا عوامی جلسے سے خطاب

منگل 11 اپریل 2017 21:56

اسفندیارولی خان کا پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کئے جانے پر قومی اسمبلی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کئے جانے پر قومی اسمبلی میں بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج پی ٹی آئی کی طرح ڈانس اور ڈی جے پر نہیں ہو گا۔ بلوچستان میں حکومتی اداروں پر گولیاں چلانے والوں کے کارڈ بلاک نہیں ہیں۔

پشاور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف قومی اسمبلی میں بھوک ہڑتال کرینگے،پورے ملک میں 4لاکھ شناختی کارڈ بلاک ہیں جس سے 4لاکھ خاندان متاثر ہورہے ہیں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کسی کا کارڈ بلاک نہیں،پنجاب میں کسی کا کارڈ بلاک نہیں،ہم احتجاج کرنا جانتے ہیں،ہمارا احتجاج عمران خان کے حتجاج جیسا نہیں ہوگا ، اگلے الیکشن سے قبل فاٹا کو کے پی میں ضم کیا جائے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے فاٹا کے معاملے پر لالی پاپ دیدیا ہے،وزیر اعظم فاٹا کے کے پی میں انضمام پر سنجیدہ نہیں،ہمیں دیوار سے نہ لگانے کی کوشش نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی نے مطالبہ کیا کہ حکومت خدارا شام کی صورت حال پر نظر ڈالے،انہوں نے پاک افغان مذاکرات دوبارہ شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی بات مانی ہوتی تو دہشت گردی اور نہ ہی ردالفساد ہوتا۔عوامی نیشنل پارٹی نے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف قومی اسمبلی میں بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔