ملکی ترقی کے مخالف خود ہی اپنے جال میں پھنس چکے ، جلد انتشار پسند سیاستدانوں کا چہرہ بے نقاب ہو جائیگا‘پرویز ملک

ملک میںتیز رفتار ترقی دیکھ کر دہشتگرد بھاگ جائینگے،سی پیک اور گوادر قوم کے خوابوں کی تعبیر ہے‘رکن قومی اسمبلی کی گفتگو

منگل 11 اپریل 2017 16:58

ملکی ترقی کے مخالف خود ہی اپنے جال میں پھنس چکے ، جلد انتشار پسند سیاستدانوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے مخالفین خود ہی اپنے پھیلائے ہوئے جال میں پھنس چکے ہیں، جلد عوام کے سامنے انتشار پسند سیاستدانوں کا چہرہ بے نقاب ہو جائیگا،ن لیگ کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی جانب بڑھ رہی ہے،سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور ترقی کی راہ میں رخنے ڈالنے والوں کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا تھا، پاکستان ایشیا کاٹائیگر بنے گا، ملک میںتیز رفتار ترقی دیکھ کر دہشت گرد بھاگ جائیں گے۔

سی پیک اور گوادر قوم کے خوابوں کی تعبیر ہے ،ترقی کے دشمنوں نے رکاوٹیں ڈالنے کی بڑی کوشش کی لیکن ناکامیاں ان کا مقدر بن گئیں ، گوادر ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے،پاک فوج ‘ پولیس‘ انتظامیہ اور عوام نے امن کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، علی عمران چوہدری،علی عدنان چوہدری،عامر خان، احسن شرافت، ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد،شازیہ خان،نسیم بانو،بلقیس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان غیروں کے ایجنڈے اور انتشار کی سیاست کے ذریعے ساری زندگی اقتدار میں نہیں آسکیں گے، خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کے لئے دھرنے دیں یا ریلیاں نکالیں آئندہ جنرل انتخابات میں ان کا منفی سیاست کی وجہ سے کوئی کردار نظر نہیں آتا، پاکستان ہمارا گھر ہے اور اپنے گھر کا تحفظ اور تقدس کرنا بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔

2013 والے پاکستان پر نظر ڈالیں جب ہمیں حکومت ملی تو لوڈشیڈنگ‘ تباہ حال معیشت‘ خالی خزانہ‘ مزدور بے روزگار‘ عوام بے حال اور دہشت گردی عروج پر تھی۔ ملک اقتصادی ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب جارہا تھا مگرہماری قیادت گھبرائی نہیں بلند اورمضبوط عزم کے ساتھ کام شروع کیا جس کا ثمر عوام کے سامنے ہے۔