شہر قائد میں سمندرکی سمت سے چلنے والی ہوائیں رک گئیں،گرمی کی شدت میں مزید اضافہ

درجہ حرارت 41ڈگری تک بڑھ گیا ،درجہ حرارت مزید بڑھے گا تاہم ہیٹ ویو کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے ،ڈی جی میٹ

منگل 11 اپریل 2017 16:31

شہر قائد میں سمندرکی سمت سے چلنے والی ہوائیں رک گئیں،گرمی کی شدت میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) شہر قائد میں سمندرکی سمت سے چلنے والی ہوائیں رک گئیں اورشمال کی میدانی ہواں نے شہرکا رخ کرلیا جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندرکی سمت سے چلنے والی ہوائیں رک گئیں اور شمال کی میدانی ہواں نے شہر قائد کا رخ کرلیا ہے۔ جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں گزشتہ دو روز سے کافی اضافہ دیکھا جارہا ہے اورمسلسل دوسرے دن بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر تک شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک بڑھ گیا ہے جب کہ گرمی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے۔کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے اور کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری بے حال ہوگئے ہیں، شدید گرم موسم سے بچا کے لیے شہریوں نے ٹھنڈے مشروبات کے استعمال میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ملک بھر میں موسم خشک رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ سندھ میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے اورمزید گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔ کراچی میں بھی درجہ حرارت مزید بڑھے گا تاہم ہیٹ ویو کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے لیکن اس کے باوجود لوگ دوپہر 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک باہر نہ نکلیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

متعلقہ عنوان :