سی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں کاروائیاں جاری

پیر 10 اپریل 2017 23:48

سی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں کاروائیاں جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اپریل2017ء) سی ڈی اے کی انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں کاروائیاں جاری۔ مہم کے دوران تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر ڈائریکٹر انفورسمنٹ تمام آپریشنز کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کنندگان اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھر پور آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی مدد لی جائے اور آپریشن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کا انداراج کروایا جائے۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد نے مزید کہا ہے کہ تجاوزات کے باعث وفاقی دارالحکومت کا قدرتی حسن خراب ہو رہا ہے۔ اس لیے تجاوزات کسی بھی صورت میں نا قابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ انسدادِ تجاوزات مہم شہر بھر میں بلاامتیاز ، خوف و خطر تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔اسی سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے ایک بڑے مرکزG-7 کی کھڈا مارکیٹ میں اور G-6/2 کی کیفے ارم مارکیٹ میں بھر پور آپریشن کر کے تمام قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔

ان آپریشنز میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے تمام عملے نے شرکت کی ۔ G-7 مرکز کی کھڈا مارکیٹ میں آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر بنے ہوئے 10 شیڈ ،سروس سٹیشن اور 02 پلازوں کے برآمدوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے اُن کو عوام الناس کے لیے کھول دیا گیا۔ اسی طرح سیکٹر G-6/2 کی کیفے ارم مارکیٹ میں 10 شیڈ ، سبزی اور فروٹ کے 08 ٹھیے اور 06 غیر قانونی طور پر قائم کردہ دکانیں مسمار کرتے ہوئے سامان ضبط کر کے سٹورمیں جمع کروا دیا۔

متعلقہ عنوان :