ملک کو درپیش چیلنج سے صرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے‘ چوہدری پرویز اشرف

پیر 10 اپریل 2017 16:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چوہدری پرویزاشرف نے کہاہے کہ ملک کو درپیش چیلنج سے صرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے ۔ ملکی حالات انتہائی گھمبیر شکل اختیار کرچکے ہیں، عوام مشکلات کاشکار ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی کشتی کو کنارے لگاسکتے ہیں۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی ۔ موجودہ حکمرانوں نے ملک کے حالات انتہائی خراب کردیئے ہیں اور پیپلزپارٹی ہی ایسی جماعت ہے جو تمام صوبوں کے عوام کو آپس میں جوڑ سکتی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں گاؤں گاؤں ، قریہ قریہ جا کر انتخابی مہم چلائیں گے ۔

(جاری ہے)

مہاجرین جموںوکشمیر کے حلقوں میں بھی پیپلزپارٹی کے کارکن اپنے قائد کے حکم کی بجاآوری کریں گے اور اس بار یہ بتا دیں گے کہ اس ملک کی تقدیر کو صرف بھٹو خاندان ہی تبدیل کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ڈھونگ رچانے کیلئے بھارتی فوج نے نہتے کشمریوںپر فائرنگ کر کے چھ نوجوانوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا ۔ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ، بھارتی سنگینیوں کے سائے تلے انتخابات کی کوئی قانونی ، آئینی اور اخلاقی حیثیت نہیں ہے ، انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہیں ۔

بھارتی حکومت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتے ہوئے ان انتخابات کو رائے شماری کا نعم البدل قرار دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس انتخابی ڈھونگ کیخلاف ہیں ۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں معاشی وسیاسی پیکج دے کر تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کی لیکن کشمیری عوام نے ان تمام حربوں کو ناکام بناتے ہوئے تمام پیکج مسترد کردئیے اور انتخابی ڈھونگ کامکمل بائیکاٹ کردیاانہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر ہونے والے مظالم پابندیوں کی وجہ سے میڈیا میں نہیں آسکے ۔

انہوں نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے وفد بھیجیں تاکہ وہاں کی اصل صورتحال سامنے آسکے ۔ اور خاص کر انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے میں اپناکردار ادا کریں۔