آصف زرداری کا کوئٹہ میں بھی بلاول ہائوس تعمیر کر نے کا فیصلہ

پاکستان پیپلزپارٹی ایک وفاقی جمہوری پارٹی ہے اور محسوس کرتی ہے کہ وہ بلوچستان کے مسائل پر اپنا متحرک کردار ادا کرے اور اس کی یہ ذمہ داری بھی ہو کہ بلوچستان کی وفاق سے دوری کو دور کرے،سابق صدر

اتوار 9 اپریل 2017 22:20

آصف زرداری کا کوئٹہ میں بھی بلاول ہائوس تعمیر کر نے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینرز کے صدر آصف علی زرداری نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کوئٹہ میں بھی بلاول ہائوس تعمیر کریں گے تاکہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت بہتر طریقے سے بلوچستان کے عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کے بلوچستان کے صدر علی مدد جتک سے زرداری ہائوس میں اتوار کی شام ملاقات میں کہی۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک وفاقی جمہوری پارٹی ہے اور محسوس کرتی ہے کہ وہ بلوچستان کے مسائل پر اپنا متحرک کردار ادا کرے اور اس کی یہ ذمہ داری بھی ہو کہ بلوچستان کی وفاق سے دوری کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کے پارلیمنٹیرینز سے کہا ہے کہ وہ پارلیمان میں بلوچستان کے مسائل کو اٹھائیں۔ آصف علی زرداری نے علی مدد جتک سے زبردستی غائب کئے جانے والے افراد اور بلوچستان میں مسخ شدہ لاشیں ملنے کے متعلق بھی بات کی۔ اس ملاقات میں پارٹی کے سیکریٹری جنرل، سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔