نواز شریف اور شہبازشریف ہمارے بھائی پاکستان کیساتھ وفا کرنیوالے حکمران ہیں‘امام کعبہ

دونوں بھائی پاکستانی عوام کی دل کیساتھ خدمت کررہے ہیں ،پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کون انہیں فائدہ پہنچاتا ہے اور کس نے انہیں نقصان پہنچایا ہے،لاہور کو ترقی یافتہ شہر بنانے پر شہبازشریف کی تعریف‘وزیراعلیٰ کی امام کعبہ سے عربی زبان میں گفتگو

اتوار 9 اپریل 2017 20:40

نواز شریف اور شہبازشریف ہمارے بھائی پاکستان کیساتھ وفا کرنیوالے حکمران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب سے عربی زبان میں گفتگو کی ،امام کعبہ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی عربی زبان پر دسترس کی تعریف کی - امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف پاکستان کیساتھ وفا کرنیوالے حکمران ہیں اوریہ پاکستان کے عوام کی دل کیساتھ خدمت کررہے ہیں ۔

پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ کون انہیں فائدہ پہنچاتا ہے اور کس نے انہیں نقصان پہنچایا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ہمارے بھائی ہیں اورہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ شریف خاندان پر اپنی برکتیں اوررحمتیں نازل کریں ۔

امام کعبہ نے کہا کہ محمد نوازشریف اورمحمد شہباز شریف عوام کی خدمت کر کے نیک عمل کررہے ہیں اورمیں سمجھتا ہوں کہ آپ کا اچھا عمل کبھی ضائع نہیں ہوتا۔ امام کعبہ نے لاہور کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ لاہور ایک تاریخی اور ثقافتی شہر ہے لیکن جب میں ائیرپورٹ سے ماڈل ٹاؤن آرہا تھا تو میں نے دیکھا کہ اس تاریخی شہر کو بڑی خوبصورتی اورمنصوبہ بندی کے ساتھ حسین بنایا گیاہے اوریہ تاریخی شہر ایک ترقی یافتہ شہر کا روپ دھار چکا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو جاتا ہے جبکہ اسلام آباد کا شہر مکمل منصوبہ بندی کیساتھ بنایاگیا ہے لیکن پرانے شہر کو اس طرح خوبصورت بنانا یقینا شہبازشریف کا کارنامہ ہے اور یہ ایک محنت طلب کام ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

امام کعبہ نے نماز عصرکی امامت ماڈل ٹاؤن میں کرائی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ،علمائے کرام اور دیگر افراد نے امام کعبہ کی امامت میں نماز عصر ادا کی ۔نماز عصر کی ادائیگی کے بعدپاکستان کی ترقی اور خوشحالی اورامت مسلمہ کے اتحادکیلئے خصوصی دعا کی گئی۔