پاکستان پیپلز پارٹی اسٹیل ملز کی بحالی اور روز گار کے تحفظ کیلئے پیپلز یونین کیساتھ کھڑی ہے، صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو

انشاء اللہ 12اپریل 2017 کو ہم ایک بارپھر کامیاب ہوکر پاکستان اسٹیل کی بحالی ،محنت کشوں کے روز گارکے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، شمشاد قریشی

اتوار 9 اپریل 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے پیپلز ورکرز یونین پاکستان اسٹیل کے چیئرمین شمشاد قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور روزگار کے تحفظ کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ مزدور دشمن نواز حکومت کے 4سالہ دور میں اس ادارے اور اس کے محنت کشوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح پیپلز یونین نے بحیثیت سی بی اے محنت کشوں کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ میں مختلف پٹیشن دائر کی ہیں اور ہر سطح پر آواز بلند کی ہے ان کی جدوجہد قابل تعریف ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام جیالے پورے جذبے کے ساتھ 12اپریل کے یفرنڈم میں پیپلز یونین کو کامیاب کراکر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اس نشانی کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی اسٹیل ملز کے محنت کشوں کے مفادات اور ادارے کی بحالی ۱کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سی بی اے شمشاد قریشی نے سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ 12اپریل 2017 کو ہم ایک بارپھر کامیاب ہوکر پاکستان اسٹیل کی بحالی اور محنت کشوں کے روز گارکے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ گے۔