نوازشریف بے وفا، اس لئے ساتھ دینے سے معذرت کرلی،ممتاز بھٹو

بینظیر بھٹو کا قتل نہ کیا جاتا تو زرداری کو سیاستدان اور صدر بننے کا موقع نہ مل پاتا الطاف حسین انٹرنیشنل ایجنٹ ہے،سی آئی اے اور را کیلئے کام کرتا ہے اسے گرفتار کرکے پاکستان لانا آسان کام نہیں، انٹرویو

اتوار 9 اپریل 2017 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2017ء) چیئرمین سندھ نیشنل فرنٹ ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ نوازشریف بے وفاہیں اس لئے ساتھ دینے سے معذرت کرلی،اگر بینظیر بھٹو کا قتل نہ کیا جاتا تو زرداری کو سیاستدان اور صدر بننے کا موقع نہ مل پاتا،الطاف حسین انٹرنیشنل ایجنٹ ہے،سی آئی اے اور را کیلئے کام کرتا ہے اسے گرفتار کرکے پاکستان لانا آسان کام نہیں۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میرا گھرانہ سیاسی تھا ذوالفقار علی بھٹو پہلے سیاست میں آئے اور پھر میں نے ان کو دیکھتے ہوئے سیاسی میدان میں قدم رکھا اور ہمارے فرسٹ کزن ذوالفقار علی بھٹو کی شفاف سیاست میں ان کے شانہ بشانہ چلا جو میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں،ذوالفقار علی بھٹو کے آگے عالمی دنیا کے لوگ سجدہ ریز ہوئے کیونکہ وہ عالمی دنیا بلخصوص سپرپاور کیلئے خطرہ تھے لہٰذا ان کو قتل کرنے کی سازش کی گئی،موجودہ پیپلزپارٹی کا بوریا بستر پورے ملک سے گول ہوچکا ہے اب سندھ میں بچی کچھی پارٹی کی تدفین کا سلسلہ جاری ہے،بیگم نصرت بھٹو،بے نظیر بھٹو اور میرمرتضیٰ بھٹو کے قتل کی تحقیقات فوج سے کروائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کا خون تھیں،بھٹو نے باقاعدہ طور پر ان کی سیاسی تربیت کی تھی لہٰذا انہوں نے اچھی اور مثبت سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی جائیداد کی انتہائی شفاف بنیادوں پر تقسیم کی گئی مگر آصف زرداری نے ان پر بھی قبضہ کر رکھا ہے نوڈیرو لاڑکانہ بنگلہ جو کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پہلی اہلیہ میری بیگم کے نام تھا انہوں نے اپنی زندگی میں ہی میر مرتضیٰ اور شاہنواز کے نام کردیا اوران کے کاغذات آج بھی میرے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازلیگ پنجاب کی جماعت ہے اور یہ پنجاب تک ہی محدود رہے گی ہم نے سندھ کی خوشحالی کیلئی(ن) لیگ سے ناطہ جوڑا تھا مگر یہ پارٹی چار سال تک سندھ کی عوام کو دھوکہ دیتی رہی جس کی بنیاد پر ہم نے علیحدگی اختیار کرلی اور دوبارہ سندھ نیشنل فرنٹ بحال کرلی اور نوازشریف کی بے وفائی کی وجہ سے ان کا ساتھ دینے سے مکمل معذرت کرلی ہے لیکن سندھ کی عوام خوشحالی کیلئی(ن)لیگ کی کڑوی گولی کھانے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی22اگست کو ملک دشمن تقریر کے بعد ان کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے اب ایم کیو ایم سے نکلنے والے دھڑوں پاک سرزمین اور متحدہ پاکستان کا تعلق ہے تو متحدہ پاکستان اور متحدہ لندن الگ الگ نہیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جو 2018ء کے الیکشن میں پھر عوام سے ووٹوں کی بھیک مانگیں گے۔الطاف حسین کو ریڈوارنٹ کے ذریعے لانے کی محض باتیں ہیں،ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں وہ ’’را‘‘ اور سی آئی اے کا ایجنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اصلی وارث میرمرتضیٰ بھٹوکا بیٹا ذوالفقار علی جونیئر اور ان کی بیٹی فاطمہ بھٹو ہیں انہیں سیاست میں لانے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے ہم رابطے میں ہیں جس کے تحت انہیں ایک بڑے اتحاد کی صورت میں سامنے لایا جائے اس کے بعد ملکی سیاست سے جعلی بھٹوز کا خاتمہ ہو جائے گا۔(ولی/طارق ورک)