کشمیر کونسل کی ریاستی باشندوں کے اخبار نکالنے پر پابندی قطعی غیر منصفانہ ہے

پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف کا بیان

اتوار 9 اپریل 2017 16:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف نے کشمیر کونسل کی طرف سے ریاستی باشندوں کے اخبار نکالنے پر پابندی کوقطعی غیر منصفانہ قراردیتے ہوئے پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اخبار یا پرنٹنگ پریس کا ڈیکلریشن آزادکشمیر حکومت کا سبجیکٹ ہے اور اس کے لئے ڈی سی کی اجازت ہی کافی ہونی چاہئے مگر آزادکشمیر کے عوام کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے لئے کشمیرکونسل کے طواف پر مجبور کرنا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے میڈیا سے وابستہ لوگ کشمیر کونسل کے رویے پر صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں مگر متعلقہ حکام اپنی پوزیشن کلئر نہیں کر رہے ۔انہوں نے کہا جس طرح چاروں صوبوں کے لوگوں کا حق ہے وہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بعد اخبار کا اجراء کریں اسی طرح آزادکشمیر کا یہ حق بھی ڈی سی کی اجازت سے مشروط ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا تین سال جاری پابندی نے آزادکشمیر میں میڈیا کے وابستگان کو مایوس کردیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی ادارے اپنے رویوں سے آزادکشمیر میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں ۔آسان اور سیدھے معاملات کو بلاوجہ اُلجھانے سے کدورتیں اور نفرتیں جنم لیتی ہیں ۔انہوں نے کہا وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر آزادکشمیر کے باشندوں سے ناانصافی کا ازالہ کریں۔