وزیراعلیٰ بلوچستان کا سیکورٹی فورسز کی چمن میں کامیاب کارروائی کے دوران بارود سے بھری گاڑی پکڑنے اور دہشت گردوںکی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 8 اپریل 2017 22:36

وزیراعلیٰ بلوچستان کا سیکورٹی فورسز کی چمن میں کامیاب کارروائی کے ..
کوئٹہ۔08اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سیکورٹی فورسز کی چمن میں کامیاب کاروائی کے دوران بارود سے بھری گاڑی پکڑنے اور دو دہشت گردوںکی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پاک فوج، پولیس، لیویز، ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں، جنہیں عوام کی بھرپور حمایت اور حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی کوششوں اور سیکورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن بحال ہوا ہے جسے کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائیگا اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے ہم بہت نقصان اٹھا چکے ہیں ، دہشت گردوں نے کھلی چھوٹ ملنے کا فائدہ اٹھا کر بہت سے معصوم انسانوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہمارے قابل اساتذہ، انجینئروں، پروفیسروں ، وکلاء اور عام شہریوں کو شہید کیا گیا لیکن اب ہماری آنکھیں اور کان کھلے ہیں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے ممکن خاتمے کے اپنے عزم کو ہم ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز نے بارودی گاڑی پکڑ کر صوبے کو دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچایاہے جس کے لیے وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔

متعلقہ عنوان :