ٹوبہ ٹیک سنگھ، طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری ، بیشتر علاقوں میں گندم کی تیار کھڑی فصل سمیت دیگر فصلیں و باغات تباہ

زمینداروں کے پالتو مویشی بھی ہلاک اور بیمار ہوگئے مختلف دیہات کے کاشتکاروں کا ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج

ہفتہ 8 اپریل 2017 18:46

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2017ء) طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری کے باعث ضلع کے بیشتر علاقوں میں گندم کی تیار کھڑی فصل سمیت دیگر فصلیں ،جانوروں کے سبز چارہ جات ،باغات تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ زمینداروں کے پالتو مویشی بھی ہلاک اور بیمار ہوئے ہیں ،اس قدرتی آفت کے بعد محکمہ مال ،محکمہ زراعت اور محکمہ لائیو سٹاک سمیت کسی بھی سرکاری ادارے نے کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کے ہونے والے معاشی نقصان کا اندازہ لگانے اور اس نقصان کے متعلق حکومت کو آگاہ کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ،جس پر مختلف دیہات کے سینکڑوں کاشتکاروں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کیا ، اس موقع پر کاشتکاروں نے بتایا کہ انکی بالکل تیار کھڑی گندم کی فصل طوفانی بارش و ژالہ باری کے باعث تباہ ہوگئی ہے ،گندم کے گوشے ٹوٹ کر زمین پر گر گئے ہیں ،جبکہ جانوروں کیلئے کاشت کیا گیا چارہ بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہ کردیا ہے ،تین روز سے جانوروں کو کھلانے کیلئے چارہ نہیں مل رہا ،اور سوکھے بھوسے پر گزارہ کیا جارہا ہے ،اس نے بتایا کہ طوفانی بارش اور ژالہ باری کے متعلق مقامی متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خبر ہونے کے باوجود کوئی سرکاری آفیسر یا ملازم خبر گیری کیلئے نہیں آیا ،قدرتی آفت کے باعث ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے ،ژالہ باری کے باعث کھلے آسمان تلے بندھے مویشی بری طرح زخمی ہوئے ہیں ،کچھ چھوٹے اور کمزور جانور ہلاک بھی ہوئے ہیں ،نہ تو محکمہ زراعت اور محکمہ مال نے فصلوں کو آکر دیکھا ہے اور نہ ہی محکمہ لائیو سٹاک کے ملازمین نے متاثرہ جانوروں کے علاج معالجہ کیلئے کوئی اقدام کیا ہے ،ضلعی افسران کو چاہیے کہ وہ کاشتکاروں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر حکومت کو اس سلسلہ میں آگاہ کرے ،تاکہ حکومت کاشتکاروں کی امداد کیلئے کوئی اقدام کرے ،جبکہ اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے محکمہ مال کے افسران اور عملہ کو فیلڈ میں فوری جانے کی ہدایت کی ہے ،جبکہ متاثرہ مویشیوں کے علاج معالجہ کیلئے سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے ضلعی افسران کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کے باعث کاشتکاروں کا بہت نقصان ہوا ہے ،اور ضلعی افسران اس نقصان کا تخمینہ لگا کر اس کے متعلق حکومت کو آگاہ کریں گے ،تاکہ حکومت کی طرف سے متاثرین کی زیادہ سے زیادہ امداد ہوسکے ،اور انہیں ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔