سیاست کو کرپشن کا ذریعہ بنانے والے سیاست اور جمہوریت دونوں کیلئے زہر قاتل ہیں ، چند سیاسی رہنما اور پارٹیاں سیاست کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانے کی کی روش پر چل رہی ہیں ، سابقہ حکومتوں نے مسائل کے انبار چھوڑے، کسی نے توجہ دینا ضروری نہیں سمجھا ، موجودہ حکومت نے اپنے دور کے بحرانوںکے مقابلے کے ساتھ پچھلے ادوار کے جمع شدہ مسائل بھی حل کئے ،ماضی کی حکومتوں نے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوئی ایک بھی اینٹ رکھی ہو تو قوم کے سامنے لایا جائے،عوامی اتحاد ، ریاستی اداروں اور حکومت کی نیک نیتی سے ہی ہم منزل تک پہنچیں گے،منتخب نمائندے عام آدمی کی طاقت اور آواز بنیں

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا واہ کینٹ میں بلدیاتی نمائندوں ، مسلم لیگ ن کے رہنمائوں اور علاقہ معززین سے خطاب

ہفتہ 8 اپریل 2017 18:13

سیاست کو کرپشن کا ذریعہ بنانے والے سیاست اور جمہوریت دونوں کیلئے زہر ..
واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اپریل2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاست کو کرپشن کا ذریعہ بنانے والے سیاست اور جمہوریت دونوں کیلئے زہر قاتل ہیں ، چند سیاسی رہنما اور پارٹیاں سیاست کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانے کی کی روش پر چل رہی ہیں ، گزشتہ حکومتوں نے مسائل کے انبار چھوڑے، کسی نے توجہ دینا ضروری نہیں سمجھا ، موجودہ حکومت نے نہ صرف اپنے دور کے بحرانوں کا مقابلہ کیا بلکہ پچھلے ادوار کے جمع شدہ مسائل کی شدت میں بھی کمی لائی،دہشت گردی سے معیشت اور لوڈشیڈنگ سے لیکر بے لاگ کرپشن تک پچھلے ادوار کی حکومتوں نے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کوئی ایک بھی اینٹ رکھی ہو یا کوئی بھی پالیسی بنائی ہو تو اسے قوم کے سامنے لایا جائے،عوامی اتحاد ، ریاستی اداروں اور حکومت کی نیک نیتی سے ہی ہم منزل تک پہنچیں گے،منتخب نمائندے عام آدمی کی طاقت اور آواز بنیں اور وہ تعلیم صحت، پینے کے صاف پانی، بہترذرائع آمدورفت اورکرپشن جیسے مسائل کے موثر تدارک کے لئے ضروری ہے کہ انتظامی مشینری اور خصوصا بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں واہ کینٹ میں بلدیاتی نمائندگان ، مسلم لیگ ن کے اکابرین اور علاقہ معززین سے خطاب کررہے تھے ۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تعلیم صحت، پینے کے صاف پانی، بہترذرائع آمدورفت اورکرپشن جیسے مسائل کے موثر تدارک کے لئے ضروری ہے کہ انتظامی مشینری اور خصوصا بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور ان مسائل کے حل کے لئے میری معاونت کریں۔

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے عام آدمی کی طاقت اور آواز بنیں تاکہ وہ اپنے حق کے لئے آواز اٹھائے۔وزیرِ داخلہ نے منتخب نمائندگان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کرتے ہوئے عوامی مسائل کی نشاندہی اور انکے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام سچ اور جھوٹ، ثابت قدمی اور مفاد پرستی، سیاست اور تجارت کرنے والوں کے درمیان تفریق کریں۔

سیاست کو بدکرداری اور کرپشن کا ذریعہ بنانے والے سیاست اور جمہوریت دونوں کے لیے زہر قاتل ہیں۔ ایسے لوگ نہ تو کسی سیاسی پارٹی سے وفا کر سکتے اور نہ ہی کسی اصول یا عوامی مفاد پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔ گذشتہ دس سالوں میں آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار چھوڑے مگر کسی مسئلے کو حل کرنا تو درکنار اس پر سرے سے توجہ دینا ہی ضروری نہ سمجھا۔ موجودہ حکومت نے نہ صرف اپنے دور کے بحرانوں کا مقابلہ کیا بلکہ پچھلے ادوار کے جمع شدہ مسائل کی شدت میں بھی کمی لائی۔

دہشت گردی سے معیشت اور لوڈشیڈنگ سے لیکر بے لاگ کرپشن تک پچھلے ادوار کی حکومتوں نے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کوئی ایک بھی اینٹ رکھی ہو یا کوئی بھی پالیسی بنائی ہو تو اسے قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند سیاسی رہنما اور پارٹیاں سیاست کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی روش پر چل نکلی ہیں۔ نااہلی، کرپشن اور ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے سیاست اور سیاسی اثر و رسوخ کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی روش جاری ہے۔

اپنے دورِ اقتدار میں جن کو عوامی فلاح و بہبود کی ایک اینٹ رکھنے کی بھی توفیق نہیں ہوئی وہ دشنام طرازی، بداخلاقی اور جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کی خدمت کرنے والوں کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں۔وزیرِ داخلہ نے منتخب نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ ایسے عناصر کی پروا کئے بغیر وہ اپنا مشن جاری رکھیں اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے اور انکے مسائل کے حل کے لئے اپنی توانائیاں وقف کریں۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کو بد امنی اور بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری مثبت تبدیلیوں کے باوجود ابھی ہم نے اور بہت سارا سفر طے کرنا ہے۔ مسائل ، مشکلات اور بحران کم ہوئے ہیں ختم نہیں ہوئے۔ ملک کے عوام کے اتحاد، تمام ریاستی اداروں کے تعاون اور حکومت کی نیک نیتی سے ہی ہم منزل تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر اس وقت تک ادھورا رہے گا جب تک اس کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچیں گے۔ٹیکسلا،واہ اور گردو نواح میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اس حلقے کا نمائندہ نہ ہونے کے باوجود بھی اب تک اربوں روپے کے ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹ انکی علاقے کی عوام سے محبت اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔