آتشزدگی سے بچائو کے لیے ہائیڈرنٹس کی تنصیب سمیت ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں‘ عبدالباسط

ہفتہ 8 اپریل 2017 13:52

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے آتشزدگی کے بارہا سانحات اور ان کی وجہ سے تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ مارکیٹوں میں ہائیڈرنٹس نصب کرے تاکہ بڑے نقصانات سے بچاجاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ملک بھر بالخصوص لاہور میں عرصہ دراز سے آتشزدگی کے واقعات رونما ہورہے ہیں جن پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے فقدان کی وجہ سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مارکیٹوں میں ہائیڈرنٹس کی تنصیب حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اگر مالی دشواریاں ہیں تو یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آتشزدگی کے ہولناک واقعات نے سسٹم کی کمزوریوں کا عیاں کردیا ہے، اگر ان کی طرف توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں مزید نقصانات کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر واقعات میں آگ پر شروع ہی میں قابوپایا جاسکتا تھا لیکن ہائیڈرنٹس نہ ہونے اور گنجان علاقہ ہونے کی وجہ سے فائربریگیڈ عملے کو پہنچنے میں تاخیر کی وجہ سے بڑے نقصانات ہوئے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ آتشزدگی کے متاثرین کو ہونے والے نقصان کا ازالہ بھی کرے کیونکہ تمام سرمایہ برباد ہوجانے کے بعد وہ کاروبار نہیں کرپائیں گے جس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھے گی اور حکومت کے محاصل بھی کم ہونگے۔ انہوں نے لیسکو پر بھی زور دیا کہ وہ مارکیٹوں میں بجلی سپلائی کا نظام درست کرے کیونکہ ناقص نظام کی وجہ سے شارٹ سرکٹ بھی آتشزدگی کی بڑی وجوہات ہیں۔

متعلقہ عنوان :