امام کعبہ کی صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 اپریل 2017 12:57

امام کعبہ کی صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اپریل 2017ء) :صدر مملکت ممنون حسین کی امام کعبہ شیخ صالح محمد بن طالب سے ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کےخلاف جوابی بیانیے کے لیےعالم اسلام کے دانشورکام کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام مل کر کام کرے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مدارس کےطریقہ تعلیم میں دور جدید کے مطابق تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

سعودی عرب کے خلاف کوئی بھی جارحیت پاکستان کے خلاف تصور ہوگی۔ ملاقات میں امام کعبہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی مسلمانوں کے خلاف ہورہی ہے اورالزام بھی انہیں ہی دیا جاتا ہے۔ صدر مملکت سے امام کعبہ کی ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف،سینیٹرطلحہ محمود،حافظ عبدالکریم اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے بھی امام کعبہ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے امام کعبہ کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر گرمجوشی سےاستقبال کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خانہ کعبہ کی وجہ سےسعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی،عقیدت رکھتےہیں۔ پاکستان،سعودی عرب اسلامی و ثقافتی اعتبار سے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن ، محبت ، برداشت اور احترام انسانیت کا مذہب ہے۔ اسلام کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانےکی ضرورت ہے۔