گیس و تیل کی قیمتوں کا تعین کرنا حکومت کا کام ہے ‘ چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان

اوگرا ریگولیٹری باڈی ہے جو حکومت کی بنائی گئی پالیسیوں کو نافذ کرتی ہے‘ سوشیواکنامک ایجنڈا کے تحت حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں ایک ہی سطح پر برقرار رکھی ہیں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر گفتگو

جمعہ 7 اپریل 2017 23:26

گیس و تیل کی قیمتوں کا تعین کرنا حکومت کا کام ہے ‘ چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اپریل2017ء) چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان نے کہا ہے کہ گیس و تیل کی قیمتوں کا تعین کرنا حکومت کا کام ہے ، اوگرا ریگولیٹری باڈی ہے جو حکومت کی بنائی گئی پالیسیوں کو نافذ کرتی ہے‘ سوشیواکنامک ایجنڈا کے تحت حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں ایک ہی سطح پر برقرار رکھی ہیں۔ وہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہیں تھیں سابق نائب صدر سہیل اظہر، میاں زاہد جاوید، شاہد نذیر، میاں عبدالرزاق اور اسلم چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

چیئرپرسن اوگرا نے کہا کہ اس ادارے کا قیام بہترین ریگولیشنز مہیا ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیلکولیشن فارمولا کے تحت متعین کی جاتی ہیں اور حکومت نوٹیفائیڈ ٹیکسز شامل کرکے حتمی قیمتوں مقرر کرتی ہے جبکہ گیس کی قیمتیں سنوائی کے بعد مقرر کی جاتی ہیں۔

عظمیٰ عادل نے کہا کہ لائسنس حصول کی درخواستوں کے لیے نیا طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی جبکہ درخواست دہندہ درخواست کے سٹیٹس سے بھی آگاہ رہ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی امپورٹ پر ایڈوانس ٹیکس ایف بی آر کا معاملہ ہے ۔امجد علی جاوا نے کہا کہ رواں مالی سال کے آغاز حکومت نے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا لیکن شنید ہے کہ اوگرا نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی سفارش کی ہے ، اس سے صنعتوں کے مسائل بڑھیں گے لہذا یہ تجویز واپس لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی امپورٹ پر 5.5% ایڈوانس ٹیکس عائد کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے آنے والی سردیوں میں اس کی شدید قلت ہونے کا خدشہ ہے لہذا اس ٹیکس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ امجد علی جاوا نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ کرتا ہے لہذا عالمی منڈی میں کمی کا فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے۔