وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام کا مقصد صحت کی سہولیات تک عوام کی بلاامتیاز رسائی یقینی بنانا ہے، تعلیم یافتہ اور صحت مند پاکستان سے ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم ملک کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، صحت کے شعبہ میں بہتری اور آگاہی کیلئے سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا عالمی یوم صحت کے حوالہ سے تقریب سے خطاب

جمعرات 6 اپریل 2017 23:46

وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام کا مقصد صحت کی سہولیات تک عوام کی بلاامتیاز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام کا مقصد صحت کی سہولیات تک عوام کی بلاامتیاز رسائی یقینی بنانا ہے، تعلیم یافتہ اور صحت مند پاکستان سے ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم ملک کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، صحت کے شعبہ میں بہتری اور آگاہی کیلئے سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عالمی یوم صحت کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام ایشیاء کا سب سے بڑا پروگرام ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے ہیلتھ پروگرام شروع کیا ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی صحت مند پاکستان میں ہے، وزیراعظم نے جو صحت کی سہولیات کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام میں نجی ہسپتال بھی شامل ہیں، صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کر رہا ہے، شفاء انٹرنیشنل ہسپتال بھی ہیلتھ کیئر پروگرام میں کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور صحت مند قوم کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بچوں کی صحت کیلئے خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت پرائمری سطح کی غذائی قلت پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مضر صحت اشیاء کے حوالہ سے آگہی مہم میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے، صحت مند معاشرتی اقدار کے فروغ کیلئے میڈیا کو کردارادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ کئی سالوں کے دوران سیکورٹی تنازعات اور دہشت گردی کا سامنا ہے، ان حالات کا بھی ہمارے رویوں پر گہرا اثر پڑا ہے، ہم مضبوط قوم ہیں اور تمام حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپریشن سمیت بہت سی نفسیاتی بیماریاں خاندانی نظام کمزور ہونے کے باعث بڑھی ہیں، ماضی میں ہم خاندانی نظام پر فخر کرتے تھے لیکن اب خاندانی نظام مسائل کا شکار ہے، ان بیماریوں اور پریشانیوں کے خاتمہ کیلئے خاندانی نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، صحت مند معاشرہ بھی ڈپریشن کی کمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ انہیں بیماریوں سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہا ہے جو کہ ایک اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ صحت کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے کلیدی ادا کریں۔