فنڈز کے ضیاع، لیپس ہونے اور ترقیاتی عمل میں تاخیر کے متحمل نہیں ہوسکتے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 6 اپریل 2017 23:32

فنڈز کے ضیاع، لیپس ہونے اور ترقیاتی عمل میں تاخیر کے متحمل نہیں ہوسکتے ..
کوئٹہ۔06اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جاری مالی سال کے پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد کی ترجیحات کا ازسر نو تعین کر کے جاری منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور ترقیاتی منصوبوں پر ضروری اور ناگزیر ترامیم کی منظوری کے لیے قائم کابینہ کی زیلی کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کے روز یہاں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم فنڈز کے ضیاع، لیپس ہونے اور ترقیاتی عمل میں تاخیر کے متحمل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی اسے کسی صورت برداشت کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کا صحیح مصرف ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، لہذا محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ خزانہ اور منصوبوں پر عملدرآمد کرنے والے تمام محکمے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں، چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا، قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر عمر بابر اور سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کی پیش رفت سے آگاہ کیا، صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور سردار محمد اسلم بزنجو بھی اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :