لاہور خودکش حملہ مردم شماری کے عمل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، رانا طاہر سلیم

جمعرات 6 اپریل 2017 23:19

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اپریل2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں نے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والا خودکش حملہ اصل میں مردم شماری کے عمل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے مگر پاک فوج دہشتگردی کا صفایا کرکے دم لے گی ‘ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے ۔

حکمران خود تو سیکورٹی کے حصار میں حکمرانی کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ عوام کو درندوں اور ٹارگٹ کلرز کے حوالے کر دیا گیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کیا، ان کے ہمراہ جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود‘ سینئر نائب صدر چوہدری مزمل جٹ‘ میڈیا ایڈوائزر ملک سرفراز قادری بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ا سلام آباد اور لاہور میں بیٹھ کر دعوے کرنے والے حکمران اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ ملک کے حالات بہت ہی پریشان کن ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو جان و مال کا تحفظ دینا ہوگا وگرنہ عوام بپھر کر سڑکوں پر نکلیں گے جنہیں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا، قومی فریضہ سرانجام دینے والوں پرحملہ قوم کے حوصلے پست کرنے کی مذموم سازش ہے دہشت گردی کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قومی ہیرو اورہمارے محسن ہیں ‘ انہوںنے لاہور میںفوجی جوانوں پر ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والے عسکری ادارے کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ہروار کو ناکام بنادیاجائے گا۔

دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی اداروں کے اہلکاراور ملک کی عوام نے جس طرح کاشاندار کردار پیش کیا ہے اس سے پوری قوم کاحوصلہ بلند اور دہشت گردوں کو شکست کاسامان کرنا پڑ رہاہے ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔