سکھر، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے شملہ معاہدہ کے تحت بھارت سے تھرپارکر کی 5 ہزار اسکوائر زمین واپس لی , قائم علی شاہ

صنعتی ادارے اور اسٹیل ملزکی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح اون کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند ہوں ،سابق وزیر اعلیٰ سندھ

جمعرات 6 اپریل 2017 21:49

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2017ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 71 کی جنگ کے بعد شملہ معاہدہ کے تحت بھارت سے تھرپارکر کی 5 ہزار اسکوائر زمین واپس لی جس پر بھارت مستقبل میں منصوبہ بندی کے تحت توانائی پیدا کرنا چاہتا تھا اس وقت شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ وہ بھارت کو ایک انچ زمین بھی نہیں دیں گے سندھ سمیت ملک بھر میں صنعتوں کے فروغ کے لیے صنعتی ادارے ، اکنامک زونزاور اسٹیل ملزکی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح اون کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر آئی بی اے میں زرعی کاروبار اور خیرپور اسپیشل اکنامک زون کے حوالے سے منعقدہ دوسرے انٹرنیشنل سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے فروغ میں سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے اور خیرپور اسپیشل اکنامک زون سمیت دیگر منصوبے قائم کیے ہیں جبکہ 70 کلو میٹر حیدرآباد تا سانگھڑ روڈ کی تعمیر بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کوآپریٹو نظام نافذ کرکے زرعی کاروبار اور صنعت کو بڑھایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ تھر کا کوئلہ سندھ واسیوں کے لیے نعمت اور سونے سے کم نہیں ہے ہماری کوشش ہوگی کہ 2018 تک کوئلے کو نکال کر توانائی کے منصوبے پرموثر کام کیا جائے جس سے 1200 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اس منصوبے پر سندھ کے بجٹ سے بھی زیادہ اڑھائی ارب ڈالر خرچ ہونگے جس سے پاکستان ترقی کرے گا اس سلسلے میں وفاق وزیر خزانہ کوسنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا جبکہ وفاق سندھ میں صنعتوں کے فروغ میں دلچسپی کا مظاہرہ کرے ۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پانی اور بجلی ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے توانائی کی ضروریات مکمل کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد لاہور سڑک کو سی پیک معاہدے میں شامل کرایا ہے انہوں نے سرمایہ کاروں پ ر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خیرپور اسپیشل اکنامل زون میں سرمایہ کاری کریں یہاں چاول، گندم، کھجور، کپاس اور دیگر میوے موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیوی انڈسٹری کی شروعات شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کی ، اسٹیل ملزسمیت دیگر صنعتوں اور اداروں کی اونر شپ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح کی جائے انہوں نے کہا کہ خیرپور اسپیشل اکنامل زون میں چائنا کمپنی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اس زون کو کامیاب بنانے کے لیے نثار احمد صدیقی جیسے ماہر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں کیونکہ انہوں نے ملکی سطح کا تعلیمی دارا بناکر ثابت کیا ہے کہ ادارے کیسے بنتے ہیں اور کیسے چلائے جاتے ہیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کے زرعی ماہر ڈاکٹر نور نے کہا کہ سندھ حکومت اور سید قائم علی شاہ کے بارے میں بہت سنا تھا لیکن آج دیکھ اور سن کر پختہ یقین ہوگیا ہے کہ انہوں نے عملی اقدامات کیے ہیں کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے خطاب میںبتایا کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کولڈ اسٹوریج، وئیرہائوس، دودھ، پلاسٹک، جوس اور دیگر اشیاء کی کمپنیوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے ۔

سیمینار سے نیوزی لینڈ کے زرعی ماہر ڈاکٹر پیٹر ریکس ٹوزر، سکھر آئی بی اے کے ڈائریکٹرنثار احمد صدیقی، زرعی ماہر رئیس غلام قاسم جسکانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ کے سیکریٹری مظہر خان، لعل بخش منگی، اما م ڈنو ملاح اور دیگر موجود تھے۔، بعد ازاں مہمان خصوصی، زرعی ماہرین اور دیگر مہمانوں کو اعزازی شیلڈ دی گئی اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سکھر آئی بی اے کی لائبریری کا دورہ کیا ۔ سیمینار کل 7 اپریل 2017 کو بھی آڈیٹوریم ہال میں جاری رہے گا ۔