ْ پنجاب کے ایک وزیر کی قربانی سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائیگا ،حامد سعید کاظمی کا دعوی

امت مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر آواز بلند کرے، جماعت اہلسنت پاکستان کانفرنس سے مقررین کا خطاب

جمعرات 6 اپریل 2017 17:58

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2017ء) اسلام زندہ آباد اور استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی نے دعوی کیا کہ پنجاب کے ایک وزیر کی صرف ایک مونچھ کی قربانی سے صوبہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کرنے کی حکمرانوں نے اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے اب دہشت گردوںنے پنجاب میں کھل کر خود کش حملے اور دہشت گردی شروع کر دی ہے انہوںنے لاہور دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پنجاب میں رینجرز کو مکمل اختیارات دیکر آپریشن کیا جائے ۔

جماعت اہسلنت پاکستان کے امیر ڈاکٹر مظہر سعید کاظمی اور ناظم اعلیٰ پاکستان سید ریاض حسین شاہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر توہین رسالت کا نوٹس لینے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت صدیقی کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہوکر اسلام دشمن قوتوں کے خلاف ڈٹ جا نا چاہیے مغربی میڈیا کی اسلام دشمن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور حکمران اسلام کے خلاف جرات مندانہ فیصلے کریں ، تمام مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر مغرب کے خلاف لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے اور مسلم ممالک کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر تاریخی کردار ادا کرنا چاہیے اور سوشل میڈیا پر اسلام دشمن مواد پر مکمل پابندی لگائی جائے ورنہ جماعت اہسلنت پاکستان کھل کر میدان میں ہی نہیں آئیگی بلکہ بین الاقوامی سطح پر مظاہروں اوراحتجاج کا اعلان کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا منظور احمد ، ڈاکٹر مظہر فرید ، حاجی احسان الحق فریدی اور قومی اسمبلی کے رکن پیر عمران احمد شاہ نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور اعلان کیا کہ وہ قومی اسمبلی میں اس معاملہ کو اٹھائینگے ۔