تحریک انصاف کی تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں آتشزدگی کے واقعہ کی مذمت

سندھ میں انسانوں کیساتھ ایسا ظلم کب تک جاری رکھا جائیگا، پوری صوبائی حکومت ایک آئی جی سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پائوں مارنے میں مصروف ہے، عوام کا کوئی خیال نہیں،شاہ محمود قریشی

جمعرات 6 اپریل 2017 16:49

تحریک انصاف کی تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں آتشزدگی کے واقعہ کی مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے تھرپاکر کے نواحی علاقے چھاچھرو میں آتشزدگی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں انسانوں کیساتھ اس قسم کا ظلم کب تک جاری رکھا جائے گا،پوری سندھ حکومت ایک آئی جی سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پائوں مارنے میں مصروف ہے، عوام کا کوئی خیال نہیں۔

جمعرات کو پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تھرپارکر کے نواحی علاقے چھاچھرو میں پوری بستی نذر آتش ہوئی جو قابل مذمت اقدام ہے اور سندھ حکومت اور مقامی انتظامیہ کا کوئی فرد غریبوں کی معاونت کیلئے نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت اور میری درخواست پر لال چند ملہی، حلیم عادل شیخ اور اصغر ملہی کو چھاچھرو روانہ کرنا پڑا جس نے ریسکیو اور ریلیف میں متاثرہ آبادی کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں میں سے صرف رینجرز کے جوان متاثرین کی مدد کرتے دکھائی دیے جبکہ سندھ میں انسانوں کیساتھ اس قسم کا ظلم کب تک جاری رکھا جائے گا،پوری سندھ حکومت ایک آئی جی سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہی ہے اس کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کی حکمرانوں کے ہاتھوں تذلیل پر کب تک خاموشی ممکن ہے،سندھ کو اس بے حسی اور سفاکیت سے نکالنے کیلئے تحریک انصاف میدان میں نکل چکی ہے،آئندہ انتخابات کے بعد انشااللہ سندھ کے عوام کو اس قسم کے حکمرانوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،سندھ حکومت بے حسی ترک کرے اور فوری طور پر خوراک، ادویات اور پانی سمیت ضروری امدادی سامان اور ٹیمیں چھاچھرو روانہ کرے۔