چیئرمین واپڈا کی جانب سے مشاورتی سیمینار کا انعقاد، واپڈا کے سابق سربراہان شریک ہوں گے

سیمینار کے انعقاد کا مقصد زیرتعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے واپڈا کی موجودہ انتظامیہ کی کوششوں پر اُن کے قیمتی تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے سیمینار میں سابق سربراہان کے ساتھ آبی وسائل کے مؤثر انتظام و انصرام اور پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے بارے میں بھی مشاورت کی جائیگی تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے 2017 ء کے آخر جبکہ نیلم جہلم سے 2018 ء کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی‘واپڈا

جمعرات 6 اپریل 2017 14:48

چیئرمین واپڈا کی جانب سے مشاورتی سیمینار کا انعقاد، واپڈا کے سابق سربراہان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2017ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر) جنرل مزمل حسین نے واپڈا کے سابق سربراہان کو مشاورتی سیمینار میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے، واپڈا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا مشاورتی سیمینار ہوگا، جو اگلے ہفتے واپڈا ہائوس میں منعقد ہو رہا ہے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا نے ایک نئے عزم کے ساتھ سست روی کا شکار اپنے زیر تعمیر منصوبوں کو تیزتر تکمیل کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور ان منصوبوں کی جلد تکمیل کی بدولت ملک کے اندر بجلی اور پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے 2017 ء کے آخر اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 2018 ء کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ طویل تاخیر کا شکار کچھی کینال کے اہم منصوبہ کا پہلا مرحلہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس منصوبے کی بدولت 2017ء کے آخر تک بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں 72 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔

(جاری ہے)

واپڈا کے مختلف منصوبوں پر قابل اور پُرعزم آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بعض آفیسرز کو اُن کی معمولی اور غیرتسلی بخش کارکردگی کی وجہ سے اہم عہدوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ایک اور اہم اقدام کے طور پر واپڈا کے سابق سربراہان کے بیش بہا تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے واپڈا نے مشاورتی سیمینار کے انعقاد کا آغاز کیا ہے۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد زیرتعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے واپڈا کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ آبی وسائل کے موثر انتظام و انصرام اور پن بجلی کی پیداوار کے بارے میں اُن کی قابلِ قدر رائی/ مشاورت حاصل کرنا ہے۔ یہ مشاورتی سیمینار ہرسال منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :