ملک میں یوم شہدائے صحافت منانے کا مستحسن قدم اٹھانے پر پی ایف یو جے مبارکباد کی مستحق ہے، مریم اورنگزیب

آج صحافت کی آزادی کی بہاریں اور اس کے چہرے کا جمال خون شہدا کی وجہ سے ہے اگر ہم متحد ہو کر معاملات پر زیادہ بہتر آگہی، مکالمے اور حکمت و تدبر سے آگے بڑھیں تو وہ اعلیٰ و ارفع مقصد حاصل کر لینگے جو ہم سب کی خواہش ہے حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود تحفظ اور ان کو ساز گار ماحول کی فراہمی کیلئے اپنا کردار اور بھی زیادہ بہتر انداز میں ادا کریگی، وزیر مملکت اطلاعات کا یوم شہدائے صحافت پر پیغام

جمعرات 6 اپریل 2017 14:20

ملک میں یوم شہدائے صحافت منانے کا مستحسن قدم اٹھانے پر پی ایف یو جے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2017ء)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جی) ملک میں یوم شہدائے صحافت منانے کا مستحسن قدم اٹھانے پر مبارکباد کی مستحق ہے ۔یوم شہدائے صحافت پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے اس عزم کی تجدید کا مو قع ہے کہ ہم نے اپنے ان بہادروں، فرض شناسوں اور سچ کی لگن میں جان سے گزر جانے والوں کو بھلایا نہیں۔

ہم ان کوسلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ صحافت اور سیاست دونوں ایسے راستے ہیں کہ جہاں کٹھن آزمائشیں قدم قدم پر آپ کے نظریات کو اپنی کسوٹی پر جانچتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی تلخ حقائق کی دھوپ میں سلگتے ہیں، طعنہ و تشنیع کے نشتر سہتے ہیں، مختلف لیبل چپکاکرحوصلہ پست کرنے کی روایت بھی عام رہی ہے لیکن عزم و ہمت اور سچائی کا پر چم تھا مے یہ سخت جان اور بلند ہمت آگے ہی بڑھتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ حالات و واقعات کی نزاکتوں کے باوجود ہماری صحافت ایسے ہی با ہمت کرداروں کی بناء پرباوقار اور سر بلند ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافت کی آزادی کی بہاریں اور اس کے چہرے کا جمال خون شہدا کی وجہ سے ہے۔ یقینا یہ ایک مشکل راستہ ہے لیکن اگر ہم سب متحد ہو کر معاملات پر زیادہ بہتر آگہی، مکالمے اور حکمت و تدبر سے آگے بڑھیں تو وہ اعلیٰ و ارفع مقصد حاصل کر لیں گے جو ہم سب کی خواہش اورایک سنہری خواب ہے کیونکہ صحافت اور سیاست ایک دوسرے کیلئے لاز م و ملزوم ہیں۔

ایک کی کمزوری دوسرے کو ضعیف کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ایف یو جے کو اس دن کے اہتمام پر ایک بار پھر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلاتی ہوں کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود ، ان کے تحفظ اور ان کو ساز گار ماحول کی فراہمی کے لیے اپنا کردار اور بھی زیادہ بہتر انداز میں ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت صحافیوں کے تحفظ اور انکی فلاح و بہبود کے حوالے سے پوری طرح اگاہ ہے اور اسی تناظر میں جرنلسٹ ویلفیئر اور پروٹیکشن کے قانون کو وضع کر رہی ہے تاکہ ایسی ٹھوس بنیادیں فراہم کی جا سکیں جس کے نتیجے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انکے تحفظ کا ناگزیر تقاضا احسن انداز میں پورا کیا جا سکے ۔