بلیغ الرحمان کی فیڈرل تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کو 9ویں جماعت کی کمپیوٹر سائنس کی نئی نصابی کتاب کی ایک ہفتہ میں مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 5 اپریل 2017 23:28

بلیغ الرحمان کی فیڈرل تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کو 9ویں جماعت کی کمپیوٹر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء)وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے فیڈرل تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ نوویں جماعت کی کمپیوٹر سائنس کے لیے نئی نصابی کتاب کی ایک ہفتہ میں مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنایاجائے ۔ انہوں نے یہ ہدایت قومی نصاب پر نظر ثانی کے سلسلہ میں منعقدہ 8ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ہے۔

وزیر نے فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کو مزید ہدایت کی کہ وہ نوویں اوربارہویں جماعت کے نصاب کا کیمبرج یونیورسٹی پریس کے نصاب سے موازنہ کرے اور اس ضمن میں نتائج اور سفارشات ترجیحی بنیادوں پر دی جائیں۔ اس موقع پر وزیر کو بتایا گیاکہ جمہوریت کے کنسپٹ اور آئین پر مشتمل نصابی مواد تیار کرلیا گیا ہے جوکہ سکولوں میں پڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی نصابی کونسل کے سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس نصابی مواد کو حتمی شکل دینے کے لیے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے ساتھ رابطہ کاری کی جائے۔وزیر نے کہا کہ نصابی اصلاحاتی پروگرام کے پہلے مرحلہ میں نصابی سپلیمنٹ بنایا جائے گا جوکہ اخلاقی اقدار، شہری شعور اور کردار سازی کے لیے مواد فراہم کریگا جو سکولوں کی نصابی کتب میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپلیمنٹ کی دستاویز بین الصوبائی وزراء تعلیم کی آئندہ کانفرنس میں بھی پیش کی جائے گی جوکہ آئندہ ماہ منعقد ہوگی۔ وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ قرآن کی تعلیم کا قانونی بل حتمی منظوری کے مراحل میں ہے۔پنجاب حکومت نے ضلع بہاولپور کے 2000اسکولوں میں قرآن ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کا پائلٹ پراجیکٹ پہلے ہی شروع کردیا ہے۔ اجلاس کے آخر میں وزیر نے قومی نصابی کونسل سیکرٹریٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ پہلی جماعت سے لیکر 12تک کی جماعتوں کے تعلیمی نصاب پر نظر ثانی کا کام اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردیں۔