معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے اور انکے سہولت کار قرار واقعی سزا سے کسی صورت بچ نہیں پائینگے

فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کرنیوالے شہداء ہمارے ہیرو ہیں،ذمہ دار کو قرارواقعی سزا ملے گی،پوری قوم اپنا آج وطن کے کل پر قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے وزیراعلیٰ پنجاب کی بیدیاں روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم، آئی جی سے رپورٹ طلب،زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 5 اپریل 2017 23:28

معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے اور انکے سہولت کار قرار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بیدیاں روڈ پر مانانوالہ چوک کے قریب مردم شماری کی ٹیم کی وین کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اوراس افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور دھماکے کے ذمہ داروں کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیاہے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور اس ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے 4 فوجی جوانوں اور 2 شہریوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مردم شماری کی ٹیم کو نشانہ بنانے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔

فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندے اور ان کے سہولت کار قرار واقعی سزا سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔ فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ذمہ داروں کو ضرور سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اپنا آج وطن کے کل پر قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :