پڑھا لکھا بلوچستان موجودہ حکومت کا وژن ہے‘ صوبہ میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے موثراقدامات کئے گئے ہیں‘ دور جدید میں تعلیم کے حصول کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں

سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی کا سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں نوتعمیر شدہ گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 5 اپریل 2017 21:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 اپریل2017ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ پڑھا لکھا بلوچستان موجودہ حکومت کا وژن ہے۔ صوبہ میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ دور جدید میں تعلیم کے حصول کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں نوتعمیر شدہ گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب پہلی مرتبہ انہوں نے یونیورسٹی کا دورہ کیا تو انہیں دلی افسوس ہوا کہ بلوچستان بھر سے تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کا ہاسٹل نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

طالبات کی مشکلات کے پیش نظر سردار بہادر خان یونیورسٹی میں 14کروڑ روپے کی لاگت سے شاندار ہاسٹل تعمیر کروایا اور انشاء اللہ ایسے تعمیری منصوبوں کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہاسٹل میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ یہاں ڈیجیٹل لائبریری اور اسٹڈی روم کے قیام کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقوں میں جہاں تعلیمی ادارے تعمیر کروائیں وہاں پر ہاسٹل کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے طلباء وطالبات کو تعلیم کے حصول کے دوران رہائش کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا وژن ہے کہ کہ صوبہ بھر میں جہاں جہاں تعلیمی ادارے تعمیر ہوں وہاں پر بیچلر اور اسٹوڈنٹس ہاسٹلز بنائے جائیں۔ ہاسٹلز کے بغیر تعلیمی ادارے نامکمل ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ صوبہ کے دورافتادہ علاقوں میں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرز کے لئے بھی اسی طرز کے ہاسٹل یا رہائشی اسکیمیں ہونی چاہئیں تاکہ ڈاکٹرز کو دیہی علاقوں میں رہائش کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔ اس سے قبل اسپیکر صوبائی اسمبلی نے گرلز ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ہاسٹل کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔