بیدیاں روڈ پر وین پر خود کش حملے میں4 فوجی اہلکار وں سمیت 3 شہری شہید - وین میں سوار افراد مردم شماری کیلئے جارہے تھے-ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 5 اپریل 2017 10:44

بیدیاں روڈ پر وین پر خود کش حملے میں4 فوجی اہلکار وں سمیت 3 شہری شہید ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05اپریل۔2017ء) لاہور میں بیدیاں روڈ پر وین پر خود کش حملے میں4 فوجی اہلکار وں سمیت 3 شہری شہید ہو گئے ہیں، دھماکے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وین میں سوار افراد مردم شماری کیلئے جارہے تھے ، دھماکے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارکنوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں زخمیوں میں 4افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ دہشت گردی معلوم ہوتا ہے،دھماکے میں 4فوجی اور 2شہری شہید ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی الرٹ پر تھا ، اس کے باوجود یہ واقعہ ہوا، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے مرعوب نہیں ہوں گے ، کوشش کریں گے کہ اس سے مردم شماری کے عمل پر کوئی اثر نہ پڑے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا صبح سات سے سوا سات بجے کے درمیان ہوا، جس میں فوجیوں کو نشانہ بنایاگیا۔

اطلاعات کے مطابق مانا والا چوک پر ہونے والے اس دھماکے کو ابتدائی طور پر وین میں سلینڈر دھماکا قرار دیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں مردم شماری کی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچے جبکہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔بیدیاں روڈ پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔شہباز شریف کی جانب سے انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات یقینی بنائیں۔دوسری جانب حکومت پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہوسکی۔

متعلقہ عنوان :