مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور برطانیہ کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

دونوں ممالک میں تعلقات کو بہتر بنانے اور باہمی تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی

منگل 4 اپریل 2017 23:25

مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور برطانیہ کے پارلیمانی وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور برطانیہ کے پارلیمانی وفد کے درمیان منگل کو دونوں ممالک میں تعلقات کو بہتر بنانے اور باہمی تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں طرف کے وفود نے ملاقات کی۔ وفد برطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے ارکین میں رحمن چشتی، نگل ہڈلسٹن، مارک پائوسے، ہنری سمتھ، میتھیو افورڈ اور روئے سٹن سمتھ پر مشتمل تھا۔

مشیر خارجہ نے گذشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات، معاشی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو پاکستان کی جانب سے علاقائی امن اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو علاقائی، سیاسی اور سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے بھی آگاہ کیا جبکہ انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بھی بتایا۔

برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی امن، سیکورٹی اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :