محکمہ کھیل کے تعاون سے یوم پاکستان اسپورٹس ویک میں مختار عالمانی نے فاتح ٹرافی جیت لی

پیر 3 اپریل 2017 22:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اپریل2017ء) محکمہ کھیل کے تعاون سے یوم پاکستان اسپورٹس ویک میں ضلع سینٹرل خمیسہ گوٹھ میں ہونے والے ملاکھڑا مقابلوں میں مختار عالمانی نے ایک سخت مقابلے کے بعد رجب علی باریجو کو شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی‘دوسری پوزیشن کے لئے گلدستہ خاصخیلی اور خان محمد شورو کے درمیان مقابلہ ہوا جسے گلدستہ خاصخیلی نے جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

تیسری پوزیشن کا مقابلہ شیر خان اور گلاب بلوچ کے مابین کھیلا گیا۔شیر خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلاب بلوچ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔قبل ازیں رائونڈ مقابلوں مین عبدالرزاق شیدی‘شیر علی جوگی‘اختر جمالی اور نجم الدین برخت نے اپنی اعلیٖ کارکردگی سے شائقین کے دل جیت لئے۔

(جاری ہے)

کونسلر گل حسن بروہی اور وڈیرا خالد بروہی مہمان خصوصی تھے۔

ان کے ہمراہ ضلع ٹھٹھہ سے کریم بلوچ‘ وڈیرا مٹھو‘ ٹائون آفیسر اسلم بروہی‘ امداد لاشاری‘ خدا بخش سولنگی اور اورنگزیب بروہی بھی موجود تھے۔ جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور نقد انعامات تقسیم کئے آخر میں آرگنائزر بہرام خاصخیلی نے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر‘ سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا اور ڈائریکٹراسپورٹس شاہد عبدالسلام کے بھرپور تعاون کا شکریہ اداکیا۔