گنپت روڈ اردوبازار میں آتشزدگی متاثرین کے نقصان کا ازلہ کیا جائے‘ لاہور چیمبر

مارکیٹوں کی اُن گنجان جگہوں پر آگ بجھانے کے آلات اور پانی کی ٹنکیوں کا بندوبست کرنا ضروری ہے جہاں آگ بجھانے والی گاڑیوں کا فوری طور پر پہنچنا ممکن نہیں‘عہدیداران

پیر 3 اپریل 2017 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط ، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید خان نے گنپت روڈ اردو بازار میں آتشزدگی کے ہولناک سانحہ میں متاثر ہونے والے تاجروں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرے تاکہ وہ اپنے کاروبار دوبارہ شروع کرسکیں۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ گنپت روڈ اردو بازار میں آتشزدگی اور اس کی وجہ سے ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 30سے 40تاجروں کا تمام سرمایہ برباد ہوگیا ہے لہذا حکومت فوری طور پر ازالہ کرے تاکہ وہ دوبارہ کاروبار شروع کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں کی اُن گنجان جگہوں پر آگ بجھانے کے آلات اور پانی کی ٹنکیوں کا بندوبست کرنا ضروری ہے جہاں آگ بجھانے والی گاڑیوں کا فوری طور پر پہنچنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گنپت روڈ اردو بازار میں آتشزدگی کے اِس ہولناک سانحے نے سسٹم کی کمزوریوں کو پوری طرح سے عیاں کردیا ہے جنہیں فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ سرکاری محکموں نے اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دئیے ہوتے اور تمام قواعد و ضوابط کو یقینی بنایا ہوتا تو آتشزدگی کا یہ دل دہلا دینے والا سانحہ کبھی رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جلد سے جلد خامیوں پر قابو پائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات رونما نہ ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :