لاہور:مودی کا دورہ کشمیر مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی

آٹھ لاکھ غاصب فوج نے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے،حافظ عبدالغفارروپڑی دوسری جانب مودی کے اقتصادی پیکج کے اعلانات سے کشمیریوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا،دفاع پاکستان کونسل کا مودی کے دورہ کشمیر پر ردعمل

اتوار 2 اپریل 2017 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2017ء) مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا دورہ کشمیر مظلوم کشمیری مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ سڑکیں اور ٹنلیں بنا نے کی باتیں کر کے کشمیریوں کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔کشمیریوں کا احتجاج اور شدید ردعمل دیکھ کربھارت سرکار کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعةالدعوة سیاسی امو رکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ عبدالغفارروپڑی، مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، حافظ خالد ولید اور ابوالہاشم ربانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔

دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر پر پوری کشمیری قوم سراپا احتجاج ہے۔

(جاری ہے)

شہر شہر ہزاروں کشمیریوں کے سڑکوں پر نکلنے سے یہ بات ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گئی ہے کہ کشمیری قوم شہداء کی سرزمین پر ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کا وجود برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

بھارت سرکارنے کشمیریوں کو احتجاج میں شامل ہونے سے روکنے کیلئے پورے کشمیرکو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ سید علی گیلانی سمیت پوری حریت قیادت کو نظربندکر کے ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ایسی مذموم حرکتوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کیا جاسکتا۔امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہاکہ اقتصادی پیکج کے اعلانات سے کشمیریوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔

بی جے پی کی سرپرستی میں ایک طرف نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ آٹھ لاکھ غاصب فوج نے ان کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ ان کی عزتیں اور جان و مال سمیت کوئی چیز محفوظ نہیں ہے لیکن دوسری جانب نریندر مودی کشمیر کا دورہ کر کے ان کیلئے اقتصادی پیکج کا اعلانات کر کے دنیا کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔ تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ، تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید اور جماعةالدعوة لاہور کے مسئول ابوالہاشم ربانی نے کہاکہ 70سال سے بھارت سرکار کے ظلم و ستم کا شکار کشمیری قوم اس کے دوہرے معیار کو بخوبی سمجھتی ہے اور وہ اس کی چانکیائی سیاست کے دھوکہ میں آنے والی نہیں ہے۔

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بھرپور انداز میں جاری ہے اور جاری رہے گی۔ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔انہوںنے کہاکہ سری نگر اور اسلام آباد(اننت ناگ) میں ضمنی انتخابات کے بہانے ہندوستانی فوج نے پورے کشمیرکو فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ پوری حریت قیادت نظربند ہے اور لوگوں کے مساجد میں نمازوں کی ادائیگی میں بھی رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں لیکن نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کرے اور ان کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دے۔