پانا مہ کی فصل کٹنے، سیاسی درجہ حرارت نقطہ ابال تک پہنچنے کا وقت آگیا‘محمودالرشید

عوام حکمرانوں کے مکروہ چہروں سے اچھی طرح واقف ہو گئے ن لیگ کی ساری غلط فہمیاں جلد دور ہوجائیں گی

اتوار 2 اپریل 2017 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہاکہ پانا مہ کی فصل کٹنے، سیاسی درجہ حرارت نقطہ ابال تک پہنچنے کا وقت آگیا، پا نامہ کا فیصلہ کچھ بھی ہو مسلم لیگ ن بالخصوص شریف خاندان کے زوال کا وقت آ گیا، عمران خان نے قوم کی جنگ پوری ایمانداری سے لڑی اب فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وکلاء وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت صدر یونائیٹڈلائرزفورم شفیق خادم ایڈووکیٹ کر رہے تھے، انکے ہمراہ اسلم ضیغم ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، ہمایوں بٹ، عماد ایڈووکیٹ، میاں سہیل ایڈووکیٹ، نوید بھٹی، اعجاز خان ، اظہر قریشی و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حصول اقتدار نہیں20کروڑ عوام کے حقوق کا مقدمہ لڑا، وفد سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ اللہ ہے اور اللہ نے اقتدار اپنے بندوں کو بطور امانت سونپا تاریخ گواہ ہے جس نے اس امانت میں خیانت کی اللہ نے اسکو رسوا کیا، پانا مہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی آئے درحقیقت عمران خان اور تحریک انصاف یہ مقدمہ جیت چکی ہے عوام حکمرانوں کے مکروہ چہروں سے اچھی طرح واقف ہو گئے ہیں ن لیگ کی ساری غلط فہمیاں جلد دور ہوجائیں گی اور آئندہ انتخابات میں جن امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں انکا تعلق کسی اور جماعت سے نہیں مسلم لیگ ن سے ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید سر گو دہا میں گدی نشین کے ہاتھوں 20مرید و ں کے قتل کو نہایت افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے ہوئے اسکی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :