بد ترین لوڈ شیڈنگ سیکرٹر ی پانی و بجلی کی تبدیلی سے نہیں ،کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ختم ہوگی‘بلال شیرازی

شہروں میں12 گھنٹے اور دیہاتوں میں18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہیں،مہنگے بجلی بل ادا کرنے کے باوجودبجلی نہ ہونا بیڈگورننس ہے شہباز شریف حسب سابق مینار پاکستان کیمپ لگائیں اور پنجاب کی عوام کو بدترین لوڈ شیڈنگ سے نجات دلوائیں

اتوار 2 اپریل 2017 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ بدترین لوڈ شیڈنگ سیکرٹری پانی و بجلی کی تبدیلی سے نہیں ،کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ختم ہوگی جسے حکمران لیگ نے اپنے منشور سے ہی نکال دیا ہے ۔مارچ میں پہلے کبھی اتنی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی ،اقتدار میں آنے کیلئے 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا نعرہ لگانے والے اپنے چار سالہ اقتدار میں بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کرواسکے ۔

لوڈ شیڈنگ پر عوام احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے کے الیکٹرک کے خلاف احتجا ج کرنے پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر سمیت40افراد کی گرفتار ی افسوسناک واقعہ ہے کیونکہ شہباز شریف بھی احتجاج کرتے ہوئے کئی سال مسلسل مینارپاکستان پر احتجاجی کیمپ لگاچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ شہروں میں12 گھنٹے اور دیہاتوں میں18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔مہنگے بجلی بل ادا کرنے کے باوجودبجلی نہ ہونا بیڈگورننس ہے شہباز شریف حسب سابق مینار پاکستان کیمپ لگائیں اور پنجاب کی عوام کو بدترین لوڈ شیڈنگ سے نجات دلوائیں ۔حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے مخلص ہوتی اور توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے میٹروٹرین اور میٹرو بس کی رقم توانائی منصوبوں پر لگائی جاتی تو آج عوام بدترین لوڈ شیڈنگ برداشت نہ کررہے ہوتے۔

ابھی تو گرمیوں کی ابتدا ہے تو یہ حال ہے شدید گرمیوں میں عوام اس وقت کیلئے تیار رہیں جب گھروں کے باہر بجلی میٹر تو ہونگے لیکن ان میں بجلی دستیاب نہ ہوگی 2018میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا نعرہ انتخابی نعرہ ہے انٹرنیشنل واٹر کونسل کی رپورٹ کے مطابق2018میں بھی پاکستان میںلوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوگی کیونکہ رسد کے مقابلہ میں طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔