ڈی ایچ ایس میڈکل سینٹرز کو پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرزکا درجہ دے دیا گیا ہے، سنٹرز میں پولن الرجی سے بچائو کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی، شیخ انصر عزیز

ہفتہ 1 اپریل 2017 23:08

ڈی ایچ ایس میڈکل سینٹرز کو پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرزکا درجہ دے دیا ..
اسلام آباد ۔ یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2017ء) مئیر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ میٹرو پولیٹن کا رپوریشن کی ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد سے پولن الرجی کے اثرات کے کنٹرول کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے اور ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ڈی ایچ ایس کے میڈکل سینٹرز کو پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرزکا درجہ دے دیا گیا ہے جہاں پولن الرجی سے بچائو کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر زمیں منعقدہ ایک اجلا س کے دوران کیا جس میں ایم سی آئی کی ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پولن الرجی کے کنٹرول اور بچائو کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ مئیر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کوہدایت کی کہ وہ پولن الرجی کے خلاف ، دیگر سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی بنائے تاکہ اس مرض کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوںنے کہاکہ پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرز میں ضروری ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولن الرجی سے متا ثر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو طبی سہولیات 24گھنٹے کی بنیاد پر دی جا سکیں ۔ مئیر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی شہریوں میں پولن الرجی سے بچائو کی آگاہی مہم کے لئے بینرز اورمعلوماتی مواد بھی پرنٹ کرواکر تقسیم کیا جائے ۔

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے چیئرمین سی ڈی اے کو پولن الرجی سے بچائو کے لئے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بتایا۔ انہوںنے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ پولن الرجی سے بچائو کے لئے ایک وسیع پلان ترتیب دیا جا چکاہے۔ انہوں نے بتا یا کہ پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرز میں مطلوبہ ادویات کی دتیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور میڈیکل آفیسرز کی ڈیمانڈ پر مزید ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔

مئیر اسلام آباد کو بتایا گیا کہ میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مریضوں کا علاج معا لجہ عا لمی معیار کے مطا بق کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر ہسپتا لوں میں ریفر کیا جائے تا کہ ان کا بروقت مکمل علاج کیا جائے۔ انہیں بتا یا گیا کہ میڈیکل آفیسرز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام میڈیکل سینٹرز کے باہر پولن الرجی مینجمنٹ سینٹرز کے بینر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ پولن سے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لوگوں کو پولیو سے بچائو کے طریقوں کی آگاہی اور تربیت دینے کے لئے بھی خصوصی طور پر اقدامات کئے گئے ہیں۔