پاکستان ریلویز تاریخی اثاثوں کا امین ہے، خواجہ سعد رفیق

ریلوے کی تاریخی عمارتوں کے حسن اور وقار کو بحال کرتے ہوئے انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایاجائے گا، وزیر ریلوے ریلوے تاریخی عمارتوں کے حسن اور وقار کی بحالی کے لیے ہیر ٹیج کونسل فعال کردار ادا کرے،اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 31 مارچ 2017 23:55

پاکستان ریلویز تاریخی اثاثوں کا امین ہے، خواجہ سعد رفیق
․ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز تاریخی اثاثوں کا امین ہے، ریلوے کی تاریخی عمارتوں کے حسن اور وقار کو بحال کرتے ہوئے انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایاجائے گا۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی لسٹوں میں درج تاریخی عمارتوں کا نہ صرف تحفظ کیا جائے بلکہ ان کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے خصوصی فنڈزبھی مختص کیے جائیں گے۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمدجاوید انور، مشیرریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچرہمایوں رشید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور صفیان ڈوگر کو یہ ہدایت کی کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی حالت کو بہتر بنایاجائے، تاریخی حسن کو بحال کیا جائے ، رات کے وقت اس کی خوبصورت لائٹس سے آرائش کی جائے، وہاں فوڈ کورٹ قائم کیا جائے ۔

وزیر ریلویز نے ڈپٹی جنرل منیجر فرید احمد کو ہدایت کی کہ2 میوگارڈن کی عمارت کے تاریخی حسن کو بھی بحال کیا جائے انہوں نے اس موقع پر سی پیک ٹیم کے دفتر کے طور پر استعمال ہونے والی عمارت کی محرابیں بھی بحال کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ گولڑہ شیریف میں ریلوے سے تعلق رکھنے والے تاریخی نوادرات کا بہتر ڈسپلے کیا جائے۔ وزیر ریلویز کے بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز نئے تعمیر ہونے والے ریلوے اسٹیشنوں میں روایتی اور تاریخی طرزِ تعمیر کے حسن کو برقرار رکھ دیا ہے ۔

وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کی پرانی عمارت تاریخی عمارتوں کی وفاقی اور صوبائی فہرست میں شامل نہیں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ہیڈکوارٹرز کی عمارت بھی ایک بڑا تاریخی اثاثہ ہے اس کی حفاظت ، مضبوطی اور خوبصورتی کے لیے پاکستان ریلویز تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔انہوں نے ہدایت کی ریلوے تاریخی عمارتوں کے حسن اور وقار کی بحالی کے لیے ہیر ٹیج کونسل فعال کردار ادا کرے اس سلسلے میںایم ڈی ریڈیمکو زبیرشفیع غوری اورآثارِ قدیمہ کے ماہرین کی مشاورت سے تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :