Live Updates

تحریک انصاف کا کراچی کے مہنگے ترین علاقے میں سی137ایکڑ اراضی کابڑا حصہ ملک ریاض کو دیئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار

سندھ حکومت شہری کراچی کو ٹھیکے پر ملک ریاض کے حوالے کرنا بند کرے، پیپلز پارٹی پہلے کراچی کو لوٹ لوٹ کے کھاتی تھی اب نوچ نوچ کرکھارہی ہے، عمران اسماعیل

جمعہ 31 مارچ 2017 23:49

تحریک انصاف کا کراچی کے مہنگے ترین علاقے میں سی137ایکڑ اراضی کابڑا حصہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے مہنگے ترین علاقے میں137ایکڑ اراضی کابڑا حصہ ملک ریاض کو دیئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شہری کراچی کو ٹھیکے پر ملک ریاض کے حوالے کرنا بند کرے۔ پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی قیادت میں پہلے کراچی کو لوٹ لوٹ کے کھاتے تھے اب نوچ نوچ کے کھانا شروع کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے پچھلے 9سالہ دور حکومت میں کراچی شہر کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ نرسری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، ملک شہزاد اعوان، سیف الرحمان خان، شاہنواز جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو کچرا اٹھانے کے لئے بھی ملک ریاض یاد آتا ہے تو پھر سندھ کی ترقی کے نام پر مختص کیا جانے والا بجٹ کہاں جا رہا ہی ۔

کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اور حکومت سندھ مل کر کراچی کی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ بلدیاتی نمائندے ہر وقت اپنی بے بسی کی تصویر دکھاتے رہتے ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کے پاس اتنا پیسہ اور اختیارات ضرور ہیں کہ وہ کسی پارک کی تزین و آرائش، علاقوں سے کچرا اٹھانا اور گٹر کے ڈھکن لگا سکیں۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوانوں کے پاس اب چند پارکس اور گرائونڈ ہی رہ گئے ہیں کھیلنے کے لئے اور حکومت سندھ وہ بھی ملک ریاض کے حوالے کر کے ان سے یہ حق بھی چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ہوتے ہوئے کراچی کے شہریوں سے ان کا حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ تحریک انصاف ہائی کورٹ میں سندھ حکومت کی اس سازش کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی۔کراچی شہر میں یہ قبضہ مافیا کا دوسرا رخ ہے۔ ہم حکومت سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلیٰ حکام کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اس شہرکی ایک گز زمین بھی غیر شفاف طریقے سے کسی کے حوالے نہیں کرنے دیں گے۔ شہر میں قبضہ مافیا کے خلاف پاکستان تحریک انصاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات