اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے ایم سی آئی نے ایک جامع حکمت عملی بنائی ہے ،ْ شیخ انصر عزیز

ترقی کے عمل میں اسلام آباد کے تمام سٹیک ہولڈرز کو شریک کیا جا رہا ہے ،ْ گفتگو

جمعہ 31 مارچ 2017 23:45

اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے ایم سی آئی نے ایک جامع حکمت عملی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2017ء)میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے ایم سی آئی نے ایک جامع حکمت عملی بنائی ہے جس کے تحت نجی شعبہ کے اشتراک سے اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور ماڈل شہر بنایا جائے گا، مختلف اداروں کو ترقی کے عمل میں شامل کرکے جہاں لوگوں میں شہر سے اپنائیت میں اضافہ ہو گا وہاں شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے رفاہ یونیورسٹی کی طرف سے H-8 رائونڈ ابائوٹ کی تزئین و آرائش کے کام کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر رفاہ یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر حسن محمد خان، وائس چانسلر ڈاکٹر انیس اور ایم سی آئی کے سینئر افسران کے علاوہ رفاہ یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ترقی کے عمل میں اسلام آباد کے تمام سٹیک ہولڈرز کو شریک کیا جا رہا ہے تاکہ اسلام آباد کو صحیح معنوں میں ایک جدید اور ماڈل شہر بنایا جا سکے۔ نجی اداروں کی طرف سے شہر کی خوبصورتی میں حصہ لینے کے قدم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی شعبوں بالخصوص تعلیمی اداروں کا اس طرح ترقیاتی عمل میں شریک ہونا ایک نئے باب کا آغاز ہے جس سے اسلام آباد کو نہ صرف پاکستان کا خوبصورت شہر بلکہ دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کی مدد سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری فنڈ کے تحت اسلام آباد کی شاہرائوں، سڑکوں، پارکوں، کھیل کے میدانوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ گرین بیلٹس، میڈین سٹریپس، رائونڈ ابائوٹس اور دیگر جگہوں کی نہ صرف تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رفاہ یونیورسٹی ان اداروں میں سے ایک ہے جنہوں نے سماجی ذمہ داری کے تحت شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے قدم بڑھایا اور اس رائونڈ ابائوٹ کی اپ گریڈیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کی پہچان ہے اس لیے اس کو خوبصورت بنانے کیلئے تمام لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رفاہ یونیورسٹی نے اس منصوبے پر پہل کر کے معاشرتی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ اسلام آباد ہمارا شہر ہے اور اس کی خوبصورتی کو بڑھانے اور برقرار رکھنے کیلئے کام کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ رفاہ یونیورسٹی اسلام آباد کی خوبصورتی اور تعمیر و ترقی کیلئے کئے جانے والے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے تمام منصوبوں میں بھرپور تعاون اور ساتھ دے گی۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ رفاہ یونیورسٹی نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت ایچ ایٹ راونڈ ابائوٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور اپ لفٹنگ کی ذمہ داری اٹھائی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ اس کی تکمیل کے بعد رفاہ یونیورسٹی اور ایم سی آئی مل کر اس کی دیکھ بھال کی ذمہ لیں گے اور اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر اقدامات کریں گے۔